مسیحی برادری نئے پاکستان کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی ‘شعیب صدیقی

ملک میں اقلیتوںکو آئینی حقوق ملنے چاہئیں ، ہر شہری کو مردم شماری میں کردار ادا کرنا چاہیے ‘چرچ میں گفتگو

اتوار 12 مارچ 2017 19:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کو فرسودہ نظام سے چھٹکارا دلانے کیلئے دیگر شہریوں کی طرح مسیحی برادری بھی نئے پاکستان کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی اور عمران خان کی قیادت میں فلاحی ریاست کا قیام جلد عمل میں آئے گا ۔انہوں نے گڈ فرائیڈے کی تقریب میں مغلپورہ کے سینٹ آ سولڈ چرچ میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کو آئینی حقوق ملنے چاہئیں تاکہ وہ بھی دیگر شہریو ں کی طرح زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ سکیں انہوں نے مسیحی برادری سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو مردم شماری میں آگے آنا چاہیے تاکہ نئی حلقہ بندیوں اور دیگر مسائل کے حل میں مدد حاصل ہو سکے ۔

(جاری ہے)

شعیب صدیقی نے مسیحی برادری کو گڈ فرائیڈے کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور صدر سنٹرل پنجاب عبدالعلیم خان کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں ہر مسیحی بھائی تحریک انصاف کو ووٹ دے گا تاکہ 30برسوں سے باریاں لینے والوں سے نجات حاصل ہو سکے ۔

اس موقع پر بشپ آف لاہور عرفان جمیل سینٹ آ سولڈ چرچ کے ریورنڈ عظیم ڈیوڈ ،پادری شاہد معراج ، پادری قیصر ندیم چوزف اور مسز نرگس اظہر نے بھی خطاب کیا اور تحریک انصاف کی طرف سے گڈ فرائیڈے کی تقریب میں اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی بھرپور حمائیت کا یقین دلایا مقررین نے کہا کہ2013اور2015کے ضمنی الیکشن میں این ای122میں مسیحی برادری نے پی ٹی آئی کو ہی ووٹ دیے تھے جسے دھاندلی کے ذریعے تبدیل کر دیا گیا ۔