جاویدلطیف کے خلاف وزیراعظم کے ایکشن کاانتظارہے،عمران خان

لیگی رکن قومی اسمبلی نے اخلاقیات کی تمام حدیں پارکیں،اگرانہیں اسمبلی سے اٹھا کر باہر نہ پھینکاگیاتویقین ہوجائیگا نوازشریف کے اشارے پرمرادسعیدکونشانہ بنایاگیا،نوشہرہ میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 12 مارچ 2017 18:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جاویدلطیف کے خلاف وزیراعظم کے ایکشن کاانتظارہے، لیگی رکن قومی اسمبلی نے اخلاقیات کی تمام حدیں پارکیں۔اگرانہیں اسمبلی سے اٹھاکرباہرنہیں پھینکاگیاتویقین ہوجائیگانوازشریف کے اشارے پرمرادسعیدکونشانہ بنایاگیا۔نوشہرہ میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جاوید لطیف نے مراد سعید کے خلاف جو الفاظ استعمال کئے،،نواز شریف کو اس پر معافی مانگنی چاہیئے۔

انکا کا کہنا تھا جاوید لطیف کو پارلیمنٹ سے باہر نکالنا ہوگا۔ اگر انکی پارٹی کا کوئی ایم این اے ایسا کام کرتا تو پارٹی سے نکال دیتا۔ عمران خان نے کہا کہ جاوید لطیف کا نام لینا اپنی توہین سمجھتا ہوں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں کپتان کا کہنا تھا کہ قومیں سڑکیں اور پل بنانے سے نہیں بنتیں۔ المیہ ہے کہ ہم اسکولوں ،یونی ورسٹیوں اوراسپتالوں کاافتتاح نہیں کرتے۔

نواز شریف ہمیشہ سڑکوں کی افتتاح کرتے پھرتے ہیں۔عمران خان نے کہا ملک بھر میں خیبر پختونخوا پولیس کی طرح ا سپتالوں کا بھی چرچا ہوگا۔ انہوں نے پرویز خٹک اور عاطف خان کو انسانوں پر پیسہ خرچ کرنے پر داد دیتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں سے سیاسی مداخلت ختم کرنے پر پرویز خٹک تعریف کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا صحت انصاف کارڈ کی صورت میں اٹھارہ لاکھ لوگوں کو ہیلتھ انشورنس مل گئی ہے جبکہ اگلے سال تک کے پی میں سب لوگوں کوصحت کار جاری کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پر عمران خان نے قاضی حسین احمدمرحوم کو اچھادوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین سے ہمیشہ پوچھتا تھاکہ فضل الرحمان سے الحاق کیوں کیا۔وزیراعلی پرویزخٹک نے قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس بنانے کو تحریک انصاف کی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی سے پہلے حکومتوں کو یہ نیک کام کرنا نصیب نہیں ہوا۔ نوشہرہ کو سیلاب اور قدرتی آفات سے بچانے کے لئے حکمت عملی کی ہے۔ اگلے انتخابات میں پی ٹی آئی دوگنے ووٹ لیکر جیتے گی سابق حکومتوں نے عوام کو کرپشن دیا تھا، اس سال کے اندر اندر عوام کو تبدیلی نظر آجائے گی۔