ایم کیو ایم کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لا رہے ‘ دوبارہ ہیرو نہیں بنانا چاہتے ‘ ایم کیو ایم جس جگہ پر ہے وہیں بیٹھی رہے ‘ اگر بلدیاتی اداروں کی بربادی کی ذمہ داری کسی جماعت پر ڈالیں تو وہ ایم کیو ایم ہی ہو گی‘ ہر مہینے 50 کروڑ کی گرانٹ دینا سندھ حکومت کا کام نہیں ‘ ایم کیو ایم کا ریکارڈ ہے کہ اس نے پارک ‘ گرائونڈ ‘ سڑکیں نہیں چھوڑیں ‘ سب پر قبضہ کیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کی پریس کانفرنس

اتوار 12 مارچ 2017 17:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لا رہے ‘ دوبارہ ہیرو نہیں بنانا چاہتے ‘ ایم کیو ایم جس جگہ پر ہے وہیں بیٹھی رہے ‘ اگر بلدیاتی اداروں کی بربادی کی ذمہ داری کسی جماعت پر ڈالیں تو وہ ایم کیو ایم ہی ہو گی‘ ہر مہینے 50 کروڑ کی گرانٹ دینا سندھ حکومت کا کام نہیں ‘ ایم کیو ایم کا ریکارڈ ہے کہ اس نے پارک ‘ گرائونڈ ‘ سڑکیں نہیں چھوڑیں ‘ سب پر قبضہ کیا۔

اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اگر بلدیاتی اداروں کی بربادی کی ذمہ داری کسی جماعت پر ڈالیں تو وہ ایم کیو ایم ہو گی۔ یہ ادارے کئی سال سے ایم کیو ایم کے قبضے میں ہیں۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم نے تباہ کر دیا۔ الزام ہم پر لگایا جا رہا ہے ہمارا قصور ہو گا مگر تھوڑا۔ انہوں نے کہاکہ 2010ء میں سٹی گورنمنٹ کے پاس ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ دینے کے بھی پیسے نہیں تھے۔

سندھ حکومت سے رابطہ کیا گیا ایک مرتبہ 50 کروڑ کی گرانٹ دی۔ ایک مہینے کے لئے 50 کروڑ کی گرانٹ مانگی گئی تھی آج تک دے رہے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ہر مہینے 50 کروڑ کی گرانٹ دینا سندھ حکومت کا کام نہیں ۔ نالوں کی صفائی کا کام ان کا تھا قائم علی شاہ نے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ دی یہ جو شہر میں سڑکیں سندھ حکومت بنا رہی ہے یہ کام تو ان کے کرنے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں لا رہے۔ دوبارہ ہیرو نہیں بنانا چاہتے۔ ایم کیو ایم جس جگہ ہے وہیں بیٹھی رہے۔ ایم کیو ایم جو دعوے کر رہی ہے وہ سچ کر کے دکھائے۔ ایم کیو ایم کا ریکارڈ ہے کہ اس نے پارک ‘ گرائونڈ ‘ سڑکیں نہیں چھوڑیں سب پر قبضہ کیا۔ ایم کیو ایم کو شہر میں جو خالی پلاٹ نظر آیا اس پر قبضہ کر لیا۔ …(رانا)