ملک کے بارانی علاقوں میں256 ملی میٹر کم بارشوں سے فصلوں میں کمی اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا،وزارت موسمیاتی تغیرات پیشگوئی

اتوار 12 مارچ 2017 16:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2017ء) وزارت موسمیاتی تغیرات نے ملک بھر میں شدید موسمیاتی خطرات کی پیشگوئی کردی ہے،ملک کے بارانی علاقوں میں256 ملی میٹر کم بارشوں سے فصلوں میں کمی اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی شدید موسمی خطرات سے دوچار شہر قرار دیا گیا ہے۔وزارت موسمیاتی تغیرات کی جانب سے دئیے جانے والے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دنیا بھر میں غیر محفوظ ممالک کی فہرست میں 7ویں نمبر پر ہے اور پاکستان میں اوسط درجہ حرارت کے بڑھنے کے خدشات ریادہ پائے جاتے ہیں،دستاویزات کے مطابق ملک کے بارانی علاقوں جہاں پر500ملی میٹر بارش ہوئی تھی وہاں پر امسال250ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے،دستاویزات کے مطابق پہاڑوں پر برفباری کم ہونے کی وجہ سے بھی دریاؤں میں پانی کم ہوچکا ہے جس کی وجہ سے مکمل زراعت کو بھی خطرات لاحق ہیں،دستاویزات کے مطابق ان عوامل کی وجہ سے پانی،غذا اور توانائی کی کمی کے سنگین خطرات درپیش ہوں گے۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق موسمی تغیرات کی وجہ سے سندھ کے ساحلی علاقوں میں زمینوں کے سمندر برد ہونے اور شدید سمندری طوفانوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا جس سے ساحلوں پر موجود انسانی آبادی کو بھی خطرات لاحق ہیں اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا امکان ہے۔دستاویزات کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کو بھی سنگین موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے اور ماہرین نے آنے والے سالوں میں اسلام آباد میں شدید گرمی،خشک سالی اور طوفانوں کی نشاندہی کی ہے۔

دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں ریکارڈ کئے گئے درجہ حرارت میں سب سے زیادہ شدت24جون2005ء کو46.60ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے کم4.30ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اس طرح2001ء میں سب سے زیادہ بارش10گھنٹوں میں621ملی لیٹر ریکارڈ کی گئی۔دستاویزات کے مطابق اسلام آباد کو موسمی حالات کا مقابلہ کرنے والا شہر بنانے کیلئے کئی منصوبے تجویز کئے گئے ہیں جن پر عملدرآمد کی سفارش کی گئی ہی(ولی/اعجاز)

متعلقہ عنوان :