پارا چنار ،کوہ سفید پر برفباری ،سردی واپس لوٹ آئی،گلگت بلتستان کے بالائی علاقے ،کشمیر کی کئی وادیاں بھی برف سے ڈھک گئیں

برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ اور پنجاب میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پرہلکی برفباری کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

اتوار 12 مارچ 2017 15:31

پارا چنار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) پارا چنار میں کوہ سفید پر برفباری کے بعد سردی واپس آگئی، گلگت بلتستان کے بالائی علاقے اور کشمیر کی کئی وادیاں بھی برف سے ڈھک گئیں،مری میں دوبارہ برفباری کے بعد سیاحوں نے وہاں کا رخ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے،گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، غذر میں برف باری کے بعد پہاڑ، درخت غرض ہر شے نے برف کی سفید چادر اوڑھ رکھی ہے۔

(جاری ہے)

مظفرآباد اور آزاد کشمیر کی بالائی وادیوں نیلم، گریز اور وادی لیپہ میں وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے،مری میں برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے ملکہ کوہسار پہنچ رہی ہے۔پنجاب ،خیبر پختونخوا اور پنجاب کے شہروں میں بھی موسم خوشگوار ہے،سندھ کے شہروں میں گزشتہ شام سے چلنے والی ہوائیں کبھی ٹھنڈی اور کبھی خشک ہوجاتی ہیں جس سے گرمی کی شدت کچھ کم ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ اور پنجاب میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پرہلکی برفباری کا امکان ہے۔