آئی ایم ایف کی ٹیم کا سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان آنے سے انکار ،مذاکرات اب دبئی میں ہونگے

مذاکرات28 مارچ سے 5اپریل تک ہونگے ،معاشی میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں ،مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا جائیگا

اتوار 12 مارچ 2017 14:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) آئی ایم ایف کی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان آنے سے انکار کردیا ، پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات اب دبئی میں ہونگے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات اسلام آباد میں طے تھے تاہم آئی ایم ایف کی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کی بنا ء پر پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے وزارت خزانہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب یہ مذاکرات 28 مارچ سے دبئی میں شروع ہونگے اور 5اپریل تک جاری رہیں گے جس کے لئے پاکستان کی معاشی ٹیم مذاکرات کیلئے دبئی جائے گی۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات آرٹیکل 4کے تحت ہو رہے ہیں جو پوسٹ پروگرام مانیٹرنگ کا حصہ ہیں۔ حکام آئی ایم ایف کو معاشی میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کریں گے۔