ضرب عضب کے بعد آپریشن ردالفساد سے دہشتگردوں پر کاری ضرب لگے گی،پرویز ملک،عمران نذیر

اتوار 12 مارچ 2017 14:01

لاہور۔12 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملک میں جاری آپریشن ردالفساد کو پوری قوم کی تائید حاصل ہے۔ پاک افواج، پولیس، سکیورٹی اداروں اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، آپریشن ضرب عضب کے بعد آپریشن ردالفساد سے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگے گی، آپریشن ردالفساد بلا امتیاز رنگ و نسل کیا جا رہا ہے، دہشت گردکا کوئی مذہب اور کوئی جغرافیائی شناخت نہیں ہوتی۔

معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والا صرف اور صرف دہشت گرد کہلاتا ہے،ہم پہلے پاکستانی ہیں اور پھرکچھ اور۔ یہی ہماری سوچ اور ویژن ہے، کسی کو کنفیوز نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چوہدری شہباز ایم پی اے ،ڈپٹی میئر نذیر خان سواتی، سید توصیف شاہ،عامر خان، تنویر ضیاء بٹ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،جاوید اقبال،ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

انہوںنے کہا کہ قوم کے عظیم بیٹوں اوربیٹیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ریاست کا فرض ہے لیکن بدقسمتی سے سیاستدانوں، اشرافیہ،افسر شاہی اوربااختیار طبقے نے ملک کی تقدیر کو بدلنے نہیں دیا اوروسائل کی لوٹ مار کے باعث لاکھوں بچے و بچیاں اپنا مستقبل نہیں سنوار سکیں جس کی واحد مجرم ملک کی اشرافیہ ہے اور میں بھی اس میں شامل ہوں ۔اگر قوم کے ان نگینوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل فراہم کیے جاتے تو پاکستان کا شمار بھی آج ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوتا ۔ترقی یافتہ قوم نے معیاری تعلیم اورجدید علوم کو فروغ دے کر ہی ترقی کی منزل حاصل کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :