ویسٹ انڈین آل رائونڈر مارلن سیمیولز نے پاک فوج میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کردیا

اگر پاک فوج کے سربراہ میرے بازو پر بیج لگا دیں گے تو میں پاکستان آئوں گا ،جب بھی آپ مجھے فوج کا حصہ بنانا چاہیں میں حصہ بنوں گا میں پرامید ہوں پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ واپس آئے گی اور میں بھی پاکستان آئوں گا،پاکستان میرے دل میں ہے‘‘ ٹوئٹر پیغام

اتوار 12 مارچ 2017 13:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر مارلن سیمیولز نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی سکیورٹی کو سراہتے ہوئے پاک فوج میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کردیا ۔پی ایس ایل میں پشاورزلمی کی نمائندگی کرنے والے مارلن سیمیولز نے لیگ کے فائنل کے حوالے سے ٹویٹرمیں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’میں شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں سکیورٹی اعلی درجے کی تھی‘‘۔

سیمیولز نے پاک فوج کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اگرمیرے بازو پر بیج لگا دیں گے تو میں پاکستان آئوں گا اور جب بھی آپ مجھے فوج کا حصہ بنانا چاہیں میں پاک فوج کا حصہ بنوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ میں جمیکا میں ایک جنرل ہوں اسی لیے میں لاہور میں آرمی وردی میں تھا میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

میری دعا ہے کہ اس جیت کے ساتھ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آئے اور جلد ملاقات ہوگی کیونکہ میں دوبارہ پاکستان آئوں گا۔

مارلن سیمیولز نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے ہماری اس کوشش کو سراہنے پر فخر ہے، میرے لیے پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا بہت خطرناک تھا لیکن اس کامیابی کے پیچھے ٹیم کی کوششیں ہیں اور پاک فوج کی بدولت ہوا جنہوں نے اعلی درجے کی سکیورٹی فراہم کی۔پشاورزلمی کے بلے باز نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ واپس آئے گی اور میں بھی پاکستان آئوں گا۔ جمیکا میں بہت سارے پاکستانی میرے دوست ہیں اور میرے دل میں پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ میں مرتے دم تک پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے مہم میں حصہ لوں گا۔