درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، چیئرمین ضلع کونسل

ہفتہ 11 مارچ 2017 23:51

فیصل آباد۔11 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء)چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے جس سے نہ صرف دھرتی کا حسن دوبالا ہوتا ہے بلکہ یہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے سلسلے میں قدرتی مشین کا کام کرتے ہیں۔انہوں نے یہ بات ضلع کونسل کے لان میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں گاب کا پودا لگاتے ہوئے کہی۔

ممبر ضلع کونسل چوہدری منظور،چیف آفیسر نعیم اللہ وڑائچ اور دیگر نے بھی پودے لگائے جبکہ محکمہ جنگلات اور دیگر محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ پودے ہماری زندگی کا اہم جزو اور معاشرے میں خوبصورتی کے سبب کے علاوہ سانس لینے کا بھی ذریعہ ہیں لہٰذا موسم بہار سے بھرپور فائدہ اٹھاکر دستیاب جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ان کی بقاء کو بھی یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رواں مہم کے دوران ضلع بھر میں مختلف اقسام کے 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ممبرز ضلع کونسل بھی اپنے اپنے علاقوں میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگارہے ہیں جبکہ ضلع کے دیگر محکمے بھی مہم کے دوران سرگرم عمل ہیں۔چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ پودوں کی دیکھ بھال اور نشوونما بھی اہم ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے شہریوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے گھروں،لان اور دیگر دستیاب جگہوں پر ذوق و شوق اور جذبے سے پودے لگائیں اور ماحول کو تروتازہ بنانے میں اپنے حصے کا اہم اور جاندار کردار ادا کریں۔