ٹرمپ کی موجودگی میں مشکو ک شخص کی دیوار پھلانگ کر وائٹ ہائوس میں گھسنے کی کوشش،سیکورٹی اہلکاروں نے گرفتارکرلیا

ہفتہ 11 مارچ 2017 23:11

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مارچ2017ء) امریکی صدارتی محل وائٹ ہائو س میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں مشکو ک شخص کی دیوار پھلانگ کر اندر گھسنے کی کوشش ، سیکورٹی اہلکاروں نے گرفتارکرلیا ۔امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز رات امریکی وقت کے مطابق رات کو ساڑھے گیارہ بجے کے قریب ایک مشکوک شخص جس نے اپنے کندھے پر بیگ لٹکایا ہوا تھا نے وائٹ ہائو س کی جنوبی طرف سے دیوار پھاند کراندر داخل ہونے کی کوشش کی ۔

(جاری ہے)

جب یہ مشکوک شخص وائٹ ہائو س میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تو اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اندر ہی موجود تھے، تاہم ایک خفیہ ایجنسی کے اہلکار کی بروقت اس گھس بیٹھیے پر نظر پڑ گئی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔ مشکوک شخص سے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔خفیہ ایجنسی کے ترجمان کی جانب سے اس واقعہ کے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وائٹ ہائو س میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے شخص سے کسی قسم کا تخریبی سامان برآمد نہیں ہوا جبکہ گرفتاری کے وقت اس کی جانب سے کوئی مزاحمت بھی نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :