دہشت گردی کے عذاب کا موثر جواب دینے کے لیے فوجی عدالتیں ناگزیر ہیں، خواجہ آصف

ہفتہ 11 مارچ 2017 22:28

دہشت گردی کے عذاب کا موثر جواب دینے کے لیے فوجی عدالتیں ناگزیر ہیں، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عذاب کا موثر جواب دینے کے لیے فوجی عدالتیں ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’دوسرا رخ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج گزشتہ دو اڑھائی سال سے بڑی بہادری سے دہشت گردی کے اس عذاب کا مقابلہ کر رہی ہیں اور انہوں نے اس عذاب کا بڑی حد تک قلعہ قمہ بھی کر دیا ہے۔

چند ہفتے قبل دہشت گردی کی جو لہر آئی اس کا بھی پوری قوم ڈٹ کر بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے اور لاہور میں ہونے والا پی ایس ایل فائنل کا کرکٹ میچ بھی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کا ایک حصہ تھا اور عوامی جذبے کی ایک علامت تھی کہ دہشت گردی کے خلاف ہم سب متحد ہیں اور بزدل دہشت گردوں سے ڈرنے والے نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری قوم میں دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا ایک جذبہ موجود ہے اس لیے ہمیں ان دہشت گردوں کو تھوڑی سی بھی سپیس نہیں دینی چاہیئے۔

موجودہ حالات میں فوجی عدالتوں کی توسیع سے اگر معاملات بہتر ہوتے ہیں تو اسے ہمارے سیاسی و گروہی مفادات کی نظر نہیں ہونا چاہیئے اور یہ ہونی چاہیئں۔ ہماری فورسز، دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عام عوام دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اگر اتنی لازوال قربانیاں دے رہی ہیں تو ہمیں اس قسم کی ترمیم ضرور کرنی چاہیئے تاکہ ملکی امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنایا جاسکے۔