پچھلے تین سالوں میں خارجہ تعلقات کمیٹی نے بہت متحرک کردار ادا کیا، سردار اویس لغاری

ہفتہ 11 مارچ 2017 22:28

پچھلے تین سالوں میں خارجہ تعلقات کمیٹی نے بہت متحرک کردار ادا کیا، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) چیرمین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ پچھلے تین سالوں میں خارجہ تعلقات کمیٹی نے بہت متحرک کردار ادا کیا ہے ۔ ہفتے کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کمیٹی میں پانچ بنیادی کلسٹرز بنائے ہیں جن میں ایک کلسٹر میں ایران سمیت تمام خلیجی ممالک سے تعلقات ہیں جبکہ دوسرے میں امریکہ اور تیسرے میں چین، چوتھے میں بھارت اور پانچویں میں افغانستان کے ساتھ تعلقات شامل ہیں۔

ان کلسٹرز میں ہم نے بہت اہم سوالات بھی اٹھائے ہیں کہ پاکستان ایران سمیت تمام خلیجی ممالک کے بہتر تعلقات اور مسلم امہ کو قریب لانے کے لیے کیا کردار ادا کر سکتا ہے، امریکہ سے پاکستان کے تعلقات بہت اہم اہمیت کے حامل ہیں جو ہمیشہ رہیں گے جن سے انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ہمارے لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں موجود ہے جبکہ امریکہ کے پاس جدید ٹیکنالوجی بھی ہے اور ہمارے تجارتی تعلقات بھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ اور چینی وزیر خارجہ سے بھی ہم نے میٹنگز کیں جن میں اہم امور زیر بحث آئے۔ ماہرین کو بلا کر ان کا نقطہ نظر لے کر آگے بڑھ رہے ہیں تاکہ بہتر نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔ خارجہ تعلقات کمیٹی نے گزشتہ تین سال میں صرف ایڈہاک پر نہیں بلکہ باقاعدہ تحقیقات کر کے خلیجی ممالک سمیت تمام ممالک سے اپنے بہتر تعلقات کے استوار کے لیے بہترین کوششیں کی ہیں۔