وزیراعلیٰ بلوچستان کا منان چوک پر ہونے والے تشدد کے واقعہ کا سخت نوٹس ، ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکاروں کی معطلی کا حکم

ہفتہ 11 مارچ 2017 22:23

وزیراعلیٰ بلوچستان کا منان چوک پر ہونے والے تشدد کے واقعہ کا سخت نوٹس ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے منان چوک پرہونے والے تشدد کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او اور موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے، وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس احسن محبوب سے واقعہ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے انہیں مذکورہ پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے رپورٹ پیش کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں چاہے وہ کتنے ہی با اثر کیوں نہ ہوں کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے اور تشدد میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے واقعہ کے وقت موجود پولیس اہلکاروں کی جانب سے کسی قسم کی کاروائی نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس فورس میں ایسے اہلکاروں کی کوئی گنجائش نہیں جو اپنی فورس کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص آئین اور قانون سے بالاتر نہیں، انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے چیلنج بننے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور عوامی مقامات پر خوف و ہراس پیدا کرنے اور عوام کی جان و مال کے لیے خطرہ بننے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو کوئٹہ شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر اور سخت بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :