شیخوپورہ کی تاجر تنظیموں کی جاوید لطیف کیساتھ بد تمیزی اور غنڈہ گردی کیخلاف ریلی،دھرنا

ہفتہ 11 مارچ 2017 22:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2017ء) شیخوپورہ کی تاجر تنظیموں نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے ساتھ بد تمیزی اور غنڈہ گردی کے خلاف ریلی نکالی اور شیخوپورہ کے تاریخی یاد گار چوک میں دھرنا دیا ، ریلی کی قیادت انجمن تاجران شیخوپورہ کے صدر میاں پرویز اور جنرل سیکرٹری ملک پرویز اقبال نے کی ۔

ریلی کے شرکا ء نے پلے کارڈ اور بینرز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر جاوید لطیف کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے ۔ انجمن تاجران کے رہنمائوں ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں غنڈہ گردی ، تشدد اور دھرنوں کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آ ئی کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ملک میں افراتفری پیدا کر کے ترقی کا راستہ روکا جائے جو پی ٹی آئی کے لیڈروں کی منفی سوچ کا عکاس ہے ۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک جب بھی سیاسی استحکام کی طرف بڑھا اور معاشی استحکام نظر آیا پی ٹی آئی کے لیڈروں اور کارکنوں نے اس کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے ، قومی اسمبلی میں حالیہ واقعہ بھی پی ٹی آئی کی اسی سوچ کا عکاس ہے ، ملک کو اس وقت افہام و تفہیم کی ضرورت ہے تا کہ ملک سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط ہو سکے ، ریلی میں کثیر تعداد میں لوگوں اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے شر کت کی ۔ رُکن صوبائی اسمبلی علی اصغر منڈا ، فیضان خالد ورک اور ن لیگ کے سٹی صدر طیاب راشد سندھو بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :