پارکوں کی حفاظت اور نگہداشت کے لئے محلے کی سطح پر کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں، ڈپٹی میئر کراچی

ہفتہ 11 مارچ 2017 22:04

پارکوں کی حفاظت اور نگہداشت کے لئے محلے کی سطح پر کمیٹیاں بھی قائم کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ پارکوں کی حفاظت اور نگہداشت کے لئے محلے کی سطح پر کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں تاکہ پارکوں کی مینٹی نینس برقرار رہے، جہاں ایک جانب شہر کی مختلف یونین کمیٹیوں میں سو روزہ صفائی مہم کے حوالے سے کام کیا گیا وہیں مختلف مقامات پر پہلے سے موجود پارکوں کی حالت زار کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ کچرا کنڈی کے بعض مقامات کو ختم کرکے وہاں گھاس لگا دی گئی ہے تاکہ دوبارہ وہاں کچرا نہ پھینکا جاسکے، شہر میں زیادہ سے زیادہ پارکوں کو بہتر بنا کر شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے اور ہم اس پر مستقل کام کر رہے ہیں تاکہ شہری فارغ اوقات میں ان پارکوں میں آکر بیٹھ سکیں اور انہیں پھولوں سے معطر ماحول میسر آسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی میونسپل کارپوریشن کورنگی کے ملیر ماڈل زون اور لانڈھی زون کے مختلف مقامات پرسو روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت 5 پارکوں اور ایک فٹ بال گرائونڈ کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی سید وقار حسین شاہ، معین عامر پیرزادہ ، ڈی ایم سی کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا ، فوکل پرسن کورنگی زون ایس معین، سینئر ڈائریکٹر باغات جاوید احمد خان، مختلف زون کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز، اراکین یونین کمیٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے ڈی ایم سی کورنگی کے ملیر ماڈل زون میں غوثیہ پارک، شاہ فیصل زون یوسی 9 میں فیملی پارک، یوسی 22 لانڈھی زون میں انصار فٹ بال گرائونڈ ،لانڈھی زون یونین کمیٹی 22 میں رانی پارک اور یونین کمیٹی 17 میں چائلڈرن پارک کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا، ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ جب مختلف مقامات پر پارکوں کے افتتاح کے لئے پہنچے تو مقامی لوگوں کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا کہ آج جن پارکوں کا افتتاح کیا گیا ہے اس سے بالخصوص اعتراف میں رہنے والے لوگوں کو بہت سہولت میسر آئے گی انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پارک میں مختلف مقامات پر ڈس بین رکھے جائیں تاکہ شہری انہیں استعمال کریں اور پارک کچرے سے محفوظ رہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے اپنے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کے مسائل حل کرنے اور پارکوں کے قیام سے انہیں ایک بہتر ماحول فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں اب یہ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ان پارکوں کا خود بھی خیال رکھیں اور محلے کی سطح پر ایسی کمیٹیاں تشکیل دیں جو ان پارکوں کی دیکھ بھال کا کام انجام دے سکیں اس موقع پر چیئرمین ضلعی میونسپل کارپوریشن کورنگی نیئر رضا نے بتایا کہ ڈی ایم سی کورنگی میں تقریباً 150 پارکس موجود ہیں جبکہ آج پہلے مرحلے میں 5 پارکوں کو نئے انداز میں خوبصورت بنا کر شہریوں کے لئے کھولا گیا ہے اور یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :