ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن جیسے اہم ادارے کوکسی صورت فروخت نہیں کرنے دیا جارہا‘حکومت موجودہ انتظامیہ اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف کاروائی فوری عمل میں لائے

تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی بات چیت

ہفتہ 11 مارچ 2017 21:45

ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن جیسے اہم ادارے کوکسی صورت فروخت نہیں کرنے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن جیسے اہم ادارے کوکسی صورت فروخت نہیں کرنے دیا جارہا، حکومت موجودہ انتظامیہ اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف کاروائی فوری عمل میں لائے،ایچ بی ایف سی کی شاخیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں جن کا مقصد صارفین کو با آسانی اور بروقت سہولت فراہم کرنا ہے،وہ ہفتہ کو ایچ بی ایف سی کے ملازمین کے ایک وفد سے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی میں ملاقات کے موقع پر بات چیت کررہے تھے، اس موقع پر ارسلان آغا، دیوان سچل، قادری بھائی ، شاہین شیخ ،الیاس شیخ،دوا خان صابر اوردیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ موجودہ انتظامیہ کا یہ اقدام عوام دشمنی اور ادارے کو تباہ کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ ،ایم ڈی، ڈپیوٹیشن پر تعینات افسران یہ تمام اقدامات ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کر رہے ہیں۔تاکہ ایچ بی ایف سی جیسے اہم ادارے کو کوڑیوں کے مول اپنے من پسند افراد کو بیچ کر بھاری کمیشن حاصل کر سکیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ حکومت ایچ بی ایف سی کے تباہی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ ہر ادارہ اس ملک کے غریب عوام کو چھت مہیا کرنے کا فریضہ ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی نبھاتا رہے۔

ایچ بی ایف سی کے پرانے ملازمین جو اس ادارے کی شہہ رگ ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اس ادارے کو کامیابی کے ساتھ چلا رہے ہیں ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرکے ، بلا ضرورت تبادلے اور غیر اخلاقی رویے جیسے ہتھکنڈے استعمال کر کے ہراساں کی جارہا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایچ بی ایف سی کے قیام کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو گھر کی تعمیر اور خریداری میں قرض کی سہولیات مہیا کرنا ہے۔

حکومت وقت ایچ بی ایف سی کی تباہی کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لائے اور اس ادارے کو فروخت کرنے کے بجائے دیانتدار قیادت کے سپرد کی جائے، تاکہ غریب کو چھت مہیا کرنے کا یہ فریضہ روز اول کی طرح جاری رہے۔ نا انصافی اور ہر ظلم کے خلاف تحریک انصاف مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر آواز اٹھائے گی،دریںاثناء پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، سینئر نائب صدور ہمایوں خان مندوخیل، ملک شہزاد اعوان، سیف الرحمان خان ،جنرل سیکریٹری سردار عبد العزیز نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) سجاد علی شاہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر و جمیل کی دعابھی کی۔