طب کے شعبہ میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث مریضوں میں اموات کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے‘جگر اور معدہ کے امراض نہایت عام ہیں اور ان کی بڑی وجہ غیر صحت مندانہ طرز زندگی ہے‘بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے

گورنر سندھ کی امراض معدہ و جگر کی بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ڈاکٹروں سے ملاقات میں بات چیت

ہفتہ 11 مارچ 2017 21:45

طب کے شعبہ میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث مریضوں میں اموات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمدزبیر نے کہا کہ طب کے شعبہ میں تحقیق کا کردار نہایت اہم ہے، کیونکہ بیماریوں کے موثر علاج اور امراض سے شفا دلانے کے ضمن میں جدید تحقیق نہایت ضروری ہے،وہ ہفتہ کو امراض معدہ وجگر کے بارے میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے شرکاء کے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کررہے تھے،جس کی قیادت معروف سرجن ڈاکٹر سعد خالد نیاز کررہے تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ طب کے شعبہ میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث نہ صرف مریضوں میں اموات کی شرح ،بلکہ صحت یابی کے وقت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جگر اور معدہ کے امراض نہایت عام ہیں اور ان کی بڑی وجہ غیر صحت مندانہ طرز زندگی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام الناس کو ان سے محفوظ رکھا جاسکے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ امراض کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنسوں کا انعقاد اور ان میں غیر ملکی ڈاکٹروں اور سرجنز کی شرکت نہایت خوش آئند ہے کیونکہ اس سے عالمی سطح پر ملک کے معاشی مرکز کراچی کے بارے میں مثبت تاثر اجاگر ہورہا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جونیئر ڈاکٹرز کو اس پلیٹ فارم سے نہ صرف آگاہی حاصل ہوگی بلکہ سینئرز کے تجربات سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اس تین روزہ کانفرنس میں دنیا بھر سے اس شعبہ کے ماہرین شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں متعدد مقالہ پڑھے جائیں گے جس سے اس شعبہ سے منسلک ڈاکٹروں کے علم میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :