پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا ،شہبازشریف

جامع اقتصادی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت مضبوط ہوئی ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی ادارے کر رہے ہیں ترقی کے مخالفین نے خوشحال پاکستان کی منزل کو کھوٹا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، وزیراعلیٰ پنجاب کی سابق رکن قومی اسمبلی عمر ایوب سے گفتگو

ہفتہ 11 مارچ 2017 21:37

پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا۔ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی منزل پر رواں دواں ہے۔ جامع اقتصادی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت مضبوط ہوئی ہے اور معروف بین الاقوامی ادارے پاکستان کی مضبوط معیشت کا برملا اعتراف کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے اور پاکستان میں کرپشن میں کمی کا اعتراف دنیا کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی ترقی کے مخالفین نے خوشحالی کی جانب بڑھتے ہوئے پاکستان کی منزل کو کھوٹا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور باشعور عوام کی تائید و حمایت سے ان شکست خوردہ عناصر کی ہر سازش ناکام ہوئی۔ انہو ںنے کہا کہ ہمارا ہر قدم عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مکمل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار سابق رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔