اسلامی نظریات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، محمد رفیق تارڑ

ہفتہ 11 مارچ 2017 20:54

اسلامی نظریات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، محمد رفیق تارڑ
لاہور۔11 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء)قراردادِ مقاصد پاکستانی قوم کی ملی امنگوں کی ترجمان اور قائداعظمؒ، علامہ محمد اقبالؒ ، کارکنانِ تحریک پاکستان کے نظریات و تصورات کی آئینہ دار ہے، پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نظریات کے مطابق ایک جدید اسلامی‘ جمہوری اور فلاحی مملکت بنانے کیلئے اس قرارداد پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عمل کرنا ناگزیر ہے۔

ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میںمنعقدہ خصوصی نشست بعنوان ’’قراردادِ مقاصد- اہمیت اور غرض وغایت‘‘ کے دوران اپنے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پیر سید کلیم احمد خورشید، بیگم مہناز رفیع سمیت اساتذہٴ کرام اور طلبہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کثیر تعدادمیں موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم میں سے ہر ایک اسلامی نظریات پر عمل پیرا ہو اور اپنی زندگیوں کواس کے مطابق ڈھال لیں۔ممتاز قانون دان پیر سید کلیم احمد خورشید نے کہا کہ قرارداد مقاصد پر دستخط کرنیوالوں میں مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا احتشام الحق تھانوی اور سید یوسف بنوری جیسے علماء بھی شامل تھے۔پرفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ ہر قوم کسی وژن اور نظریہ کے تحت ترقی کی منازل طے کرتی ہے ،پاکستان بھی ایک نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔

شاہد رشید نے کہا کہ قرارداد مقاصد کی روشنی میں ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک کا قیام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے مقاصد کا ایک اہم حصہ ہے۔قیام پاکستان کے بعد اس قرارداد کے ذریعے ایک واضح نصب العین کا تعین کیا گیا تھا۔