ہمیں اپنی نوجوان نسل سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، ملک رفیق رجوانہ

موجودہ حکومت عوام کو سماجی انصاف سمیت تعلیم، صحت اورعوامی ضروریات کے دیگر منصوبوں کی تکمیل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے، گورنر پنجاب

ہفتہ 11 مارچ 2017 19:54

ہمیں اپنی نوجوان نسل سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، ملک رفیق رجوانہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جنہوں نے آنے والے کل کو روشن اور تابناک بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو سماجی انصاف سمیت تعلیم، صحت اورعوامی ضروریات کے دیگر منصوبوں کی تکمیل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن کے موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فخر امام، فیکلٹی ممبران، سینڈیکیٹ ،اساتذہ اکرام، والدین اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مخلوقِ خدا ایک ہے ، آپ لوگوں پر اللہ کا خاص فضل ہے کہ جس نے آپ کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈگریوں کو گھر تک ہی محدود نہ رکھیں بلکہ معاشرے کے ان پسے ہوئے طبقے کا خیال کریں کہ جن کے پاس وسائل کی کمی ہے اور تعلیم جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ، ہمیں ان کی آبیاری پر خصوصی توجہ دینی ہے تاکہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن عزیز کی بھر پور خدمت کرسکیں اور پوری دُنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کرسکیں۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے ، پاکستان نے ہمیں سب کچھ دیا اور وہ لوگ ناشکر ے ہیں کہ جو یہ کہتے ہیں کہ ہمیں اس ملک نے کیا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے بعد گھر بٹھانے کی بجائے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں کہ آپ کو آج گولڈ میڈلز اور اعلیٰ تعلیمی ڈگریوں سے نوازا جارہا ہے اس پر آپ کے اساتذہ اور والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

گورنر پنجاب جو کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں گولڈمیڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔ قبل ازیں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فخر امام نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔