وزیر آباد: پی ٹی آئی کے قومی اور صوبائی امیدواروں کے انتخاب کے لئے غیر جانبدار ایجنسی سے سروے کروانے کا فیصلہ

ہفتہ 11 مارچ 2017 18:59

وزیرآباد: (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2017ء) ضلع گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے قومی اور صوبائی امیدواروں کے انتخاب کے لئے غیر جانبدار ایجنسی سے سروے کروانے کا فیصلہ۔ 3سے زائد امیدداروں کے حلقوںمیں دو سے زائد سروے ہو سکتے ہیں۔ضابطہٴ اخلاق کی پابندی ہر امیدوار پر لازم قرار۔امیدواروں کو اپنے کوائف ضلعی صدر کے پاس جمع کروانے کی ہدائت۔

تمام پارٹی عہدیدار اور کارکن اپنے گھروں پر پارٹی پرچم لہرائیں۔سمندر پار پاکستانی بھی اپنی شرکت یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہارپی ٹی آئی کے ضلعی صدر محمد احمد چٹھہ اور جنرل سیکریٹری محمد ارقم خان نے پارٹی کے ضلعی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے تحریک انصاف ضلع گوجرانوالہ کے راہنمائوں پارٹی ٹکٹ کے امید واروںسے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ضلع گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے تمام حلقہ جات میں تحریک انصاف پاکستان اپنے ٹکٹ کے متمنی امیدواروں کے انتخاب کے لئے غیر جانبدارانہ ایجنسی سے سروے شروع کروارہی ہے۔

(جاری ہے)

جس حلقہ سے 3یا زیادہ ٹکٹ کے امیدوار ہوں گے وہاں 2یا اس سے زیادہ بھی سروے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے امیدواران کو ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ سروے دوستانہ ماحول میں ہی کیا جائے گا ۔ ضابطہ اخلاق کی پابندی ہر امیدوارکو کرنا ہوگی جس میں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور تنقید پر مکمل پابندی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف گوجرانوالہ سے تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے ٹکٹ کے متمنی امید وار اپنے کوائف ضلعی صدر کو دینگے تا کہ ان کو سروے میں شامل کیا جائے ضلع گوجرانوالہ کی پرائمری ، یونین کونسل،قصبہ جات ،ٹائون شہر کی تنظیم سازی مارچ میں مکمل کرکے سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کو بھجوا دی جائے گی۔

تنظیم سازی کے بعد ہرتنظیم مہینے میں ایک بار اپنا اجلاس منعقد کرنے کی پابند ہو گی اور اجلاس کی کاروائی ضلع سیکرٹریٹ میں جمع کی جائے گی۔پاکستان تحریک انصاف پاکستان کے تمام کارکنان اورعہدیداران اپنے گھروں میں پارٹی پرچم لہرا کر عمران خان کو وزیراعظم پاکستان بنانے کی تیاری ابھی سے شروع کر دیں ۔اجلاس میں جنرل سیکریٹری میاں ارقم خان ،چوہدری ناصر چیمہ ، علی اشرف مغل ، رانا شہزاد حفیظ، چوہدری انور بھنڈر، ڈاکٹرظفرچوہدری ، ذوالفقار علی بھنڈر ، چوہدری بلال اعجاز، چوہدری محمد سعیدگجر، رانا ساجد شوکت ، محمدخالد مغل ،چوہدری ظفراللہ چیمہ، ایس اے حمید، چوہدری عنصرنت، رانا فیصل رئو ف خان ، چوہدری محمدصدیق مہر ، خالدعزیزلون، باجی شاہین رضااورممتازبیگم نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شیڈول کے مطابق تنظیم سازی کی مشاورت میںمکمل کردار اداکریںگے ۔

حاضرین نے محمداحمدچٹھہ اور میا ںارقم خان پر پورے اعتمادکااظہار کیا۔ تمام ٹکٹ امیدوارایک دوسرے کے ساتھ مخلص ہو کر کام کریں مسلم لیگ ن کو شکست دیناہم سب کا اولین سیاسی مقصد ہے تاکہ ملک و قوم کی کرپشن سے جان چھوٹ جائے اور عوام کوترقی کے مساوی مواقع حاصل ہو سکیں۔اجلاس میں متفقہ قرارداد بھی پاس کی گئی جس میں عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی سپریم کورٹ آف پاکستان میں کرپشن کے خلاف کی گئی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔