آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پی ایس ایل کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کی جی ایچ کیو میں ملاقات

پاک فوج کے سربراہ نے پشاور زلمی کی ٹیم اور انتظامیہ کو انکی کارکردگی اور کامیابی پر مبارکباد پیش کی ،پاکستان کا نام روشن کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت ، پاکستان آنیوالے غیر ملکی کھلاڑیوں اور مہمانوں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ،یہاں کرکٹ سب سے پسندیدہ اور قوم کو ایک دوسرے سے جوڑنے والا کھیل ہے ،آرمی چیف ہم پاکستان کے سپاہی، امن اور قومی آہنگی کے فروغ میں پاک فوج کے ساتھ ہیں ،ٹیم پشاور زلمی،ملک میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا

ہفتہ 11 مارچ 2017 17:55

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پی ایس ایل کی فاتح ٹیم پشاور زلمی ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پی ایس ایل کی فاتح ٹیم پشاور زلمی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے سربراہ نے پشاور زلمی کی ٹیم اور انتظامیہ کو انکی کارکردگی اور کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے پاکستان میں کرکٹ وپس لانے کیلئے پی ایس ایل کے ذریعے کی جانیوالی کوششوں کو سراہتے ہوئے تمام ٹیموں اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے غیر ملکی کھلاڑیوں اور مہمانوں کا پاکستان آنے پر خاص طور پر شکریہ ادا کیا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور یہاں کرکٹ سب سے پسندیدہ اور قوم کو ایک دوسرے سے جوڑنے والا کھیل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھلاڑیوں کو محنت اور پاکستان کا نام روشن کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ جی ایچ کیو کا دورہ کرنیوالے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے حمایت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے پاک فوج کے سربراہ کی کرکٹ سے دلچسپی ، مہارت اور کرکٹ ریکارڈز سے متعلق معلومات پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے آرمی چیف کی طر ف سے دیئے گئے ٹپس اور مشوروں پر شکریہ ادا کیا ۔ کھلاڑیوں نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے سپاہی ہیں امن اور قومی آہنگی کے فروغ میں پاک فوج کے ساتھ ہیں ۔ ٹیم نے ملک میں امن اور استحکام کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔