امریکی عدالت نے اورلینڈو نائیٹ کلب حملہ آور کی اہلیہ نور سلمان کی رہائی کا حکم کالعدم قرار دیدیا

ہفتہ 11 مارچ 2017 16:59

میامی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) امریکا کی ایک عدالت نے اورلینڈو نائٹ کلب حملہ آور کی اہلیہ نور سلمان کی رہائی کا حکم کالعدم قرار دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے ڈسٹرکٹ جج پال بیرون نے کیلیفورنیا کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیاکہ ملزمہ کی ٹرائل سے قبل رہائی کی کوئی بھی شرط کمیونٹی کے تحفظ کو یقینی بنانے یا عدالتی کارروائی کے دوران ملزمہ کے عدالت میں پیش ہونے کا ٹھوس جواز نہیں ہو سکتی۔

عدالت نے ملزمہ کو ٹرائل مکمل ہونے تک زیر حراست رکھنے کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ کیلیفورنیا کے مجسٹریٹ نے نور سلمان کو 5 لاکھ ڈالر کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ نور سلطان کے شوہر عمر متین کی گزشتہ سال جون میں ایک نائٹ کلب پر فائرنگ کے نتیجے میں 49 افراد ہلاک اور 68 زخمی ہو گئے تھے جبکہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا تھا۔