علماء کرام معاشرے میں اتحاد، اتفاق ،کامل ہم آہنگی کے فروغ اور حقیقی اسلامی تعلیمات کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کو موثر انداز میں زائل کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں، حکومت اور علماء کرام معاشرے میں انتشار پھیلانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں گے

وزیراعظم محمد نواز شریف کا جامعہ نعیمیہ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب

ہفتہ 11 مارچ 2017 14:14

علماء کرام  معاشرے میں اتحاد، اتفاق ،کامل ہم آہنگی کے فروغ اور حقیقی ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے میں اتحاد، اتفاق ،کامل ہم آہنگی کے فروغ اور حقیقی اسلامی تعلیمات کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کو موثر انداز میں زائل کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں ، پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت اور علماء کرام معاشرے میں انتشار پھیلانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں گے اور اپنی مشترکہ کوششوں کے ساتھ ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اوراسے مستحکم کریں گے ۔

وہ ہفتہ کو یہاں دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں اسلام کی تعلیمات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا لیکن علمائے کرام نے منبر ومحراب کے ذریعے ایسے چیلنجز سے نمٹنے اور اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے اور حقیقی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ ن کو عوام نے حکومتی امور چلانے کا مینڈیٹ دیا تو اس کا سب سے بڑا مقصد لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا اور پائیدار امن لانا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے یہ تہیہ کیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ، فوج اور پولیس کے جوانوں نے دلیرانہ وار اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور قربانیاں دیں جبکہ عوام نے بھی دہشتگردی کی لعنت کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف دنیا کے مقابلہ میں سب سے بڑی جنگ لڑی اور دہشتگردوں کے ہاتھ توڑ دیئے، ملک میں اکا دکا حملے ہوئے جو ایسے عناصر کے سہولت کار اور ان سے ہمدردی رکھنے والوں کی مدد سے ہوئے تاہم ریاست ان کا بھی تعاقب کررہی ہے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں میں علماء کرام کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :