بروقت انصاف کی فراہمی کے تناظر میں رولز میں ترمیم کا فیصلہ ،اجلاس 24مارچ کو منعقد ہوگا

ہائیکورٹ کے فل کورٹ اجلاس میں ترامیم کا جائزہ لینے کے بعد حتمی منظوری دی جائے گی ‘ ذرائع

ہفتہ 11 مارچ 2017 13:57

بروقت انصاف کی فراہمی کے تناظر میں رولز میں ترمیم کا فیصلہ ،اجلاس 24مارچ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2017ء)بروقت انصاف کی فراہمی کے تناظر میں رولز میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا گیا جس کیلئے اجلاس 24مارچ کو منعقد ہوگا ،ہائیکورٹ کے فل کورٹ اجلاس میں ترامیم کا جائزہ لینے کے بعد حتمی منظوری دی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ضابطہ فوجداری اوردیوانی مقدمات میں ترامیم کیلئے رولز کمیٹی کا اجلاس 24 مارچ کو منعقد ہوگا جس کیلئے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جسکی سربراہی میںلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد یاور علی کریں گے جبکہ اس کے ممبران میں جسٹس امین الدین ، جسٹس شاہد کریم،جسٹس شمس محمود مرزا،جسٹس قاضی محمد امین احمد،سینئر سول جج لاہور علی عباس،ظفر اقبال کلانوری ایڈووکیٹ اور شہزاد شوکت ایڈووکیٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق رولز کمیٹی کے اجلاس میں ضلعی عدالتوں میں فوجداری اور دیوانی مقدمات کی روزانہ سماعت کا معاملہ زیر غور آئے گا ۔ وکلاء کو بحث کیلئے مخصوص وقت دینے اور پوری بحث کا تحریری خلاصہ عدالت میں جمع کرانے کا پابند بنانے کے معاملہ زیر غور آئے گا ۔مقدمات کی نقول دوسرے فریق کو دینے کا پابند بنانے ،دوران سماعت ٹرائل کورٹ کے متعلقہ جج کو تبدیل نہ کرنے کا معاملہ زیر غور آئے گا ۔

ذرائع کے مطابق ٹرائل کورٹ کے جج کو کیس کی سماعت مکمل ہونے پر محفوظ کیا گیا فیصلہ ایک ماہ میں سنانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی جائے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کی اپنی سفارشات کو مرتب کر کے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر یگی جس کا فل کورٹ اجلاس جائزہ لینے کے بعد حتمی منظوری دی جائے گی۔