امریکہ بھی انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کا معترف

پاکستانی فوج نے افغان طالبان وحقانی نیٹ ورک جیسے امریکا کے اہم دشمنوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں،جنرل جوزف ووٹل کی آرمڈ فورسز کو بریفنگ

ہفتہ 11 مارچ 2017 12:27

امریکہ بھی انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کا معترف
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2017ء) امریکہ بھی اب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کا معترف بن گیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے جنرل جوزف ووٹل نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی فوج نے افغان طالبان اورحقانی نیٹ ورک جیسے امریکا کے اہم دشمنوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی سینیٹ کی آرمڈ فورسز کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عسکری گروپوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے جو درست سمت میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔

امریکی جنرل کا کہناہے کہ یہ بات اہم ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات اچھے ہوں،یہ حقیقت ہے کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحد پر تعلقات کشیدہ ہیں،ایسی صورتحال میں امریکا دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں بہتری کیلئے کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوںنے واضح کیاکہ پاک افغان سرحد اور خطے میں دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان، امریکا کا اہم اتحادی ملک ہے۔ اس دوران پاکستان نے کئی ایسے اقدامات کئے جو امریکی ونیٹو افواج کے لئے سود مند ثابت ہوئے۔