بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہاہے، سید علی گیلانی

ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث نہتے کشمیریوں کا خون مسلسل بہا یا جارہا ہے ،بیان

ہفتہ 11 مارچ 2017 12:24

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میںجس بدترین ریاستی دہشت گردی کا مظاہر ہ کر رہا ہے اسکی مثال دنیا میں کہیں موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث نہتے کشمیریوں کا خون مسلسل بہا رہا ہے۔سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان میں پلوامہ کے علاقے پدگام میں نہتے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال اور کم عمر لڑکے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض فوجیوں نے دراصل اپنے سربراہ بپن راوت کے حالیہ بیا ن کو عملی جامہ پہنایا ہے جس میں انہوںنے کہا تھا کہ مجاہدین کی حمایت میں سڑکوں پر آنے والو ں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔

سید علی گیلانے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں بری طرح سے ناکام ہوا ہے لہذا وہ نہتے کشمیریوں کو اپنی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے کہا کہ کشمیر امن و امان کانہیں بلکہ ایک انسانی مسئلہ ہے جسے فوجی طاقت کے ذریعے ہر گز حل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے لیے یہی بہتر ہے کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی ترک کر کے زمینی حقائق کو تسلیم کرے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود اردیت دے ۔

انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل سے نہ صرف کشمیریوں کی مشکلات دور ہونگی بلکہ کروڑوں بھارتی عوام بھی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونگے۔سید علی گیلانی نے ملنگام بانڈی پورہ میں شہید ہونے والے نوجوان مشتاق احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سید علی گیلانی کی بدستور گھر میں نظر بندی اور انہیں جمعہ کی نماز سے روکنے کی شدید مذمت کی۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کو مکمل طور پر ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں سیاسی ، معاشرتی کے ساتھ ساتھ مذہی حقوق میں سلب کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان نے حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ، تحریک حریت کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی،ایاز اکبر، راجہ معراج الدین، محمد اشرف لایا اور عمر عادل ڈار کی بھی گھروں اور تھانوں میں نظر بندی کی شدید مذمت کی۔ ادھر جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان مشتاق احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے بانڈی پورہ کے علاقے ملنگام گئے۔ انہوںنے شہید کے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ عنوان :