صدر ٹرمپ کی فلسطینی صدر محمود عباس کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت

ہفتہ 11 مارچ 2017 10:11

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کے صدر محمود عباس کو جلد ہی وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ امریکی صدر نے اپنے فلسطینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں انھیں دورے کی دعوت دی۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر محمود عباس کے ترجمان کے مطابق امریکی صدر نے فلسطینی صدر سے بات چیت میں کہا کہ وہ امن بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار فلسطینی صدر سے رابطہ کیا ہے جبکہ اس سے پہلے فروری میں وہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کی میزبانی کر چکے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے کے حل کے لیے اس دیرینہ امریکی پالیسی پر اصرار نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت 'دو ریاستی حل' پر زور دیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے جمعرات کو امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل کے لیے نامزد متنازع امریکی سفیر کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔امریکی سفیر ڈیوڈ فرائیڈمین امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کے حق میں ہیں۔فلسطینی مشرقی یروشلم کو اپنی ریاست کا دارالخلافہ قرار دیتے ہیں جب کہ اسرائیل پورے یروشلم کو اپنا دارالخلافہ قرار دیتا ہے۔

متعلقہ عنوان :