قومی مینز اینڈ ویمنز نیٹ بال چیمپین شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی منیجرز میٹنگ(آج) ہوگی

ہفتہ 11 مارچ 2017 09:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) قومی مینز اینڈ ویمنز نیٹ بال چیمپین شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی منیجرز میٹنگ(آج)اتوار کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے لیاقت جمنازیم میں ہوگی جس میں ایونٹ کے ڈراز کا اعلان اور قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں کے مطابق قومی مینز اینڈ ویمنز نیٹ بال چیمپین شپ13 سی16مارچ تک حمیدی ہال پاکستان سپورٹس بورڈ کمپیلکس اسلام آباد میںکھیلی جائے گی۔

چیمپین شپ میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی،پاکستان ائیرفورس، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان ریلوے، ہائر ایجوکیشن کمیشن، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، اسلام آباد، فاٹا اور آزاد کشمیر کی ٹیمیں شرکت کریں گی، پاکستان آرمی کی ٹیم مردوں میں اور سندھ کی ٹیم خواتین میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

(جاری ہے)

اس چیمپین شپ میں پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں نیشنل گیمز کیلئے کوالیفائی بھی کرے گی، نیشنل گیمز اس سال کوئٹہ میں منعقد ہونگے۔

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے قومی چیمپین شپ کے لئے ٹیکنیکل آفیشلز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جن میں محمد انوار، احمد انصاری، یاسر جاوید، شازیہ یوسف، عظمہ وقار، عائشہ شیر، شاہد امین، فرحان علی، اعجازالحق، آفتاب احمد، خالد پرویز، جما ل الدین، خالد نواز اور مقبول احمد شامل ہیں ۔اس چیمپین شپ کے دوران قومی جونئیر گرلز نیٹ بال ٹیم بھی منتخب کی جائے گی جوکہ کوریا کے شہر جنجومیں 6 مئی سے کھیلے جانے والی ایشین جونیئر گرلز نیٹ بال چیمپین شپ میں شرکت کرے گی۔