عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے، مقبوضہ کشمیر دو نیو کلئیر ملکوں کے مابین ایک متنازعہ مسئلہ ہے ،جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیئے،ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس زکریا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 11 مارچ 2017 00:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2017ء) دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ جمعے کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دو نیو کلئیر ملکوں کے مابین ایک متنازعہ مسئلہ ہے جسے پوری دنیا جانتی ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا کر کے مقبوضہ کشمیر میںکشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا یہ بات جانتی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کی سب سے اہم اور بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے ۔

جب تک یہ تنازعہ حل نہیں ہوتا خطے میں امن بحال نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ سمیت ہر اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے جس کی وجہ سے اب دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر ہو چکا اور زیر بحث بھی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ رپورٹس کے مطابق بھارت افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فنڈنگ سے پاکستان کے امن کو سبوتاژ کررہا ہے۔

بھارت عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنا چاہتا تھا جس میں وہ ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اب تک بہت زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور ہماری مسلح افواج صرف جوابی کاروئی کرتی ہے تاکہ دشمن کو ادھر تک ہی محدود رکھاجائے اور وہ یہ نہ سمجھے کہ ہم کمزور ہیں، ہماری پوری قوم اور ہماری مسلح افواج اپنے ملک کی سرحدوں اور اسکی سالمیت کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور انشااللہ اگر کسی نے بھی ہماری طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو اسے اس کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تمام ہمسائیہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں اور پاکستان کو آگے لیکر بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کا امیج عالمی سطح پر مزید بہتر ہو رہا ہے۔