تعلیم اور صحت کے اداروں کی بہتری کیلئے ایک ورکر کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا، کمشنر سکھر

جمعہ 10 مارچ 2017 22:12

سکھر۔ 10مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) کمشنر سکھر /لاڑکانہ محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ وہ جہاں کہیں بھی رہے سکھر میں جاری منصوبوں کیساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے عظیم اداروں کی بہتری اور ترقی کیلئے ایک ورکر کی حیثیت سے کام کرتے رہینگے ، سکھر کے لوگ اداروں کی اونر شپ لیں اور آگے بڑھ کر ان کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے اعزاز میں سکھر آئی بی اے اور سکھر چیمبر آف کامرس کے صابق صدر عامر غوری کی جانب سے دیے گئے علیحدعلیحدہ استقبالیہ تقاریب کو خطاب کے دوران کیا۔ تبادلہ شدہ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ادیب رضوی جیسے مسیحا لوگ سکھر میںکام کررہے ہیں جن کا ساتھ دینے کے لیے سکھر ڈویژن کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے باشعور لوگ آگے آئیں اور تعلیم اور صحت کے میدان میں بنائے گئے اداروں کی اونر شپ لیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکھر ڈویژن کے تینوں اضلاع میں آئی بی اے کمیونٹی کالجز کھولے گئے ہیں، جبکہ پبلک اسکول سکھر بھی سکھر آئی بی اے کے زیر نگرانی چلایا جا رہا ہے۔ کمشنرمحمدعباس بلوچ نے کہا کہ اپریل کے ماہ کے دوران لاڑکانہ اور شہداد کوٹ میں بھی آئی بی اے کمیونٹی کالجز کھولے جائینگے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سکھر آئی بی اے نثار احمد صدیقی نے کہا کہ محمد عباس بلوچ ہمیشہ تعلیم اور ثقافت کو فروغ دلانے کے لیے کوشاں رہے ، امید ہے کہ وہ جہاں کہیں بھی رہینگے عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ دیتے رہینگے ۔

آئی بی اے ڈائریکٹر کی جانب سے محمدعباس بلوچ کواعزازی شیلڈبھی پیش کی گئی۔ جیم خانہ کلب میں سکھر چیمبر آف کامرس کی جانب سے دیے گئے الوداعی استقبالیہ میں تاجر رہنما عامر غوری، ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو، صابق ڈی سی وحید اصغر بھٹی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کمشنر سکھر محمدعباس بلوچ کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :