چیئرمین ایس ای سی پی کا پی ایس ایکس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ اجلاس

جمعہ 10 مارچ 2017 22:01

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) چیئرمین سیکوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ظفر حجازی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) کا دورہ کیا اور پی ایس ایکس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز بشمول چائنیز کنسورشیم کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ پی ایس ایکس سے جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین کے ہمراہ ایس ای سی پی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین ایس ای سی پی نے پی ایس ایکس کے نومنتخب اراکین بورڈ کو خوش آمدید کہا اور سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹرز کی خدمات کو سراہا۔ چیئرمین نے کہا کہ پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز میں اعلیٰ ترین انتظامی معیار اور اہل ڈائریکٹرز کی تقرری سے اسٹاک ایکسچینج کی مینجمنٹ مضبوط اور پروفیشنل ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایکس کو انویسمنٹ اور سرمایہ کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے، اس حوالے سے ایکسچینج کو اپنا کردار موثر طور پر ادا کرنے اور روزمرہ کے امور اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری لانے کے لئے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرنا چاہیئے۔ چائنیز کنسورشیم کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شمولیت کے حوالے سے ظفر حجازی نے کہا کہ چائینز سرمایہ کاروں کے اسٹاک مارکیٹ کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیئے تاکہ حصص مارکیٹ میں مزید سرمایہ کاری کی جاسکے۔ پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کو صاف و شفاف اور ماڈرن انداز میں چلانے بالخصوص اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حالیہ ریفارمز کے حوالے سے ایس ای سی پی کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :