وزیراعلیٰ شہبازشریف سے الابراج گروپ کی ہیلتھ فنڈ امپیکٹ کمیٹی کے چیئرمین سر ڈیوڈ نکلسن کی قیادت میں وفد کی ملاقات، ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے معاونت پر تبادلہ خیال

دکھی انسانیت کو بہترین طبی سہولتیں ملنا ان کا حق ہے، ہیلتھ کئیر سسٹم بہتر بنانے کیلئے ہر جگہ سے تعاون حاصل کرینگے،شہبازشریف

جمعہ 10 مارچ 2017 23:47

وزیراعلیٰ شہبازشریف سے الابراج گروپ کی ہیلتھ فنڈ امپیکٹ کمیٹی کے چیئرمین ..
لاہور۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں الابراج گروپ کی ہیلتھ فنڈ امپیکٹ کمیٹی کے چیئرمین سر ڈیوڈ نکلسن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری ، ڈاکٹروں کی تربیت اورامراض کی تشخیص کے حوالے سے معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں الابراج گروپ کے وفد نے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہیلتھ کیئر سسٹم بہتر بنانے کے لئے جامع اقدامات اٹھائے ہیں۔ ہسپتالوں میں عام آدمی کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات ہیں اوردکھی انسانیت کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں ملنا ان کا حق ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں میں علاج معالجے کی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے ہر جگہ سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

طبی سہولتوں کی بہتری کیلئے موثر ریگولیٹری فریم ورک انتہائی ضروری ہے۔ انہو ںنے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کیلئے پنجاب حکومت نے انڈس ہسپتال کے ساتھ مل کر بعض ہسپتالوں کی مینجمنٹ کو آئوٹ سورس کیا ہے اور ہسپتالوں کی مینجمنٹ کو آئوٹ سورس کرنے کا یہ ماڈل انتہائی کامیاب رہا ہے۔

ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے الابراج گروپ کے ساتھ تعاون کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ درست سمت میں قابل عمل اقدامات سے ہی دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھا جاسکتا ہے۔محکمہ صحت کے حکام الابراج گروپ کے ساتھ مل کر مستقبل کے لائحہ عمل کا پلان پیش کریں۔میرا اور میری حکومت کا نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت ہے اور اس مقصد کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کرنے کا پروگرام بنایا ہے اور صوبے کے ہر ضلعی ہسپتال میں یہ مشینیں نصب کی جائیں گی اور ان مشینوں کو وہی کمپنیاں چلائیں گی جو انہیں مہیا کریں گی۔ الابراج گلوبل ہیلتھ کیئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خاور منان نے ادارے کی ہیلتھ کیئر کے حوالے سے بین الاقوامی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے پنجاب حکومت کے ساتھ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

الابراج گروپ کے ہیلتھ کیئر سے تعلق رکھنے والے ماہرین،صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ حکام اور طبی ماہرین بھی اس موقع پر موجود تھے۔