حکومت صنعتی علاقوں کی ترقی کے لئے بھرپور توجہ دے رہی ہے‘ گورنر سندھ

جمعہ 10 مارچ 2017 23:31

حکومت صنعتی علاقوں کی ترقی کے لئے بھرپور توجہ دے رہی ہے‘ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معیشت کے مثبت اشاریئے حکومتی پالیسی و اقدامات کا واضح مظہر ہیں، معاشی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کے لئے حکومت صنعتی و تجارتی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، صوبہ میں ترقی و خوشحالی کے لئے صنعت کار اور تاجر برادری بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، صوبہ بالخصوص کراچی سمیت پورے ملک میں معاشی و سماجی سرگرمیاں اس بات کی آئینہ دار ہیں کہ ہم ایک مہذب و پر امن قوم ہیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر مرزا اشتیاق بیگ سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں معروف صنعت کار مرزا اشتیاق بیگ نے گورنر سندھ کو صنعت کاروں کے مسائل، صنعتی علاقہ میں انفرا اسٹرکچر کی صورتحال اور حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیل سے بتائے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے معاشی اہداف کے حصول کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت اشاریئے موصول ہو رہے ہیں خاص طور پر انفرااسٹرکچر سے معاشی و سماجی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اس ضمن میں صنعت کاروں اور تاجروں کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل کے لئے مربوط اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں با الخصوص ملک کے اقتصادی حب کراچی کو دنیا کے معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں اس ضمن میں سب کو مل کر اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے غیر ملکی سرمایہ کاری سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں مرزا اشتیاق بیگ نے صوبہ کی معاشی خوشحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گورنر سندھ کو صنعت کاروں کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :