شہرام تراکئی کی ہدایت پرصوبے کے تدریسی ہسپتالوں میں پرفارمنس آڈٹ کا عمل شروع

تدریسی ہسپتالوں کی پرفارمنس آڈٹ کے عمل کا آغاز خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور سے کیا گیا

جمعہ 10 مارچ 2017 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے خود مختار تدریسی ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے پرفارمنس آڈٹ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ تدریسی ہسپتالوں کی پرفارمنس آڈٹ کے اس عمل کا آغاز خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور سے کیا گیا۔پرفارمنس آڈٹ کی ذمہ داری خیبر پختونخوا ہیلتھ کئیر کمیشن کی سپرد کی گئی ہے جو ان صوبے کے تدریسی ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لے کر محکمہ صحت کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرے گا تاکہ ا س رپورٹ کی روشنی میں ان ہسپتالوں کی کارکردگی خصوصاً مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانے کیلئے مناسب اقدامات اُٹھائے جا سکیں۔

آڈٹ پرفارمنس کے عمل کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے شفاء فائونڈیشن کو ایک غیر جانبدار تیسرے فریق کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس پرفارمنس آڈٹ میں تدریسی ہسپتالوں کے طبی، انتظامی اور مالی معاملات کے علاوہ دیگر تمام پہلوئوں کا مفصل جائزہ لیا جائے گا ۔خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی بھی پرفارمنس آڈٹ بہت جلد شروع کی جائے گی۔

اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر صحت نے تدریسی ہسپتالوں کے پرفارمنس آڈٹ کے عمل کو ان ہسپتالوں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان آڈٹ پرفارمنس رپورٹ کی روشنی ان تدریسی ہسپتالوں کے انتظامی و طبی معاملات بہتر بنا کر مریضوں کی بہتر نگہداشت یقینی بنانے اور علاج معالجے کی سہولیات و خدمات کو بہتر کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :