اپوزیشن کادوسرے روز بھی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ ،اسمبلی سیڑھیوں پر احتجاج کے طور پر فرضی اجلاس کا انعقاد کیا

اپوزیشن اراکین بائیکاٹ کے باوجود ایوان میں جا کر کورم کی نشاندہی کرتے رہے ،وزیرقانون رانا ثنا اللہ خان پیر کے روز اپوزیشن سے مذاکرات کرینگے

جمعہ 10 مارچ 2017 22:42

اپوزیشن کادوسرے روز بھی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2017ء) اپوزیشن نے مسلسل دوسرے روز بھی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ جاری رکھا اور اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کے طور پر فرضی اجلاس کا انعقاد کیا ، وزیرقانون رانا ثنا اللہ خان پیر کے روز اپوزیشن سے مذاکرات کریں گے ،اپوزیشن اراکین بائیکاٹ کے باوجود ایوان میں جا کر کورم کی نشاندہی کرتے رہے ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی اپنے مقررہ وقت نو بجے کی بجائے ایک گھنٹہ 40منٹ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال خان کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ملک محمد علی کھوکھر نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈر ی ہیلتھ کیئرسے متعلق سوالات کے جوابات دئیے ۔تلاو ت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ کے بعد اجلاس کی کارروائی آگے بڑھی ہی تھی کہ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی آصف محمود نے ایوان میں آکر کورم کی نشاندہی کردی۔

(جاری ہے)

سپیکر نی5منٹ کے لئے گھنٹیاں بجا نے کی ہدایت کی لیکن کورم پھر بھی پورا نہ ہوا جس پر سپیکر نے اجلاس 20منٹ کے لئے ملتوی کردیا۔ تاہم 45منٹ کے بعد اجلاس کا دوبارہ آغاز ہوا تو کورم پورا تھا ۔پارلیمانی سیکرٹری ملک محمد علی کھوکھر اراکین کے سوالات کے تسلی بخش جوابات نہ دے سکے جس پر سپیکر ے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے کام نہیں چلے گا پارلیمانی سیکرٹری تیاری کے ساتھ آیا کریں ۔

اجلاس کا دوبار ہ آغاز ہوئے 15منٹ ہی گزرے تھے کہ احسن ریاض فتیانہ نے ایوان میں آکر ایک مرتبہ پھر کورم کی نشاندہی کردی تاہم کورم پورا تھا ۔سپیکر نے سینئر رکن اسمبلی چوہدری محمد اقبال کے سوال کا درست جواب نہ آنے پر اسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے دو ماہ میں رپورٹ طلب کرلی جبکہ رکن اسمبلی ارشد ملک ایڈووکیٹ کا تسلی بخش جواب نہ آنے پر اسے موخر کردیاگیا ۔

اسپیکر نے اجلاس پیر کی سہ پہر تک ملتوی کر دیا۔علاوہ ازیں اپوزیشن اراکین نے اسپیکر کے رویے کے خلاف دوسرے روز بھی اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کر کے اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کے طور پر فرضی اجلاس منعقد کیا جس کی صدارت خاتون رکن اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامدنے کی ۔بتایا گیا ہے کہ اسپیکر کی طرف سے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں حکومتی ٹیم کو اپوزیشن سے مذاکرات کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور اپوزیشن نے رانا ثنا اللہ سے مذاکرات پر حامی بھر لی ہے ۔وزیر قانون پیر کے روز اپوزیشن سے مذاکرات کریں گے۔