بلین ٹری سونامی منصوبہ صوبے اور ملک کی ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے،عاطف خان

مردان فارسٹ ڈویژن میں امسال اس مہم کے دوران 60 لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں اور اب تک لاکھوں پودے عوام میں مفت تقسیم کئے جاچکے ہیں، صوبائی وزیر تعلیم

جمعہ 10 مارچ 2017 18:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2017ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ صوبے اور ملک کی ترقی وخوشحالی اور آئندہ آنے والی نسلوں کی آبادی کا منصوبہ ہے جس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ماضی میں مختلف حکومتوں کے دوران جنگلات کی ناجائز کٹائی کی گئی اور اس قومی دولت کو بری طرح لوٹا گیا تاہم ہماری حکومت نے ٹمبر مافیا کے خلاف عملی کاروائی کی اور بلین ٹری کا منصوبہ شروع کرکے موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کی راہ ہموار کی ۔

وہ بابینی کے قریب مردان رنگ روڈ پر شجر کاری کے منصوبے کے افتتاح کے بعد علاقے کے لوگوں سے بات چیت کررہے تھے ،اس موقع پر قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان اور ڈویژنل فارسٹ آفیسر طارق خادم کے علاوہ محکمہ جنگلات کے افسران واہلکار اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عاطف خان ، مجاہد خان ایم این اے اور دیگر قائدین نے ڈی ایف او نے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم کو بتایا کہ مردان فارسٹ ڈویژن میں امسال اس مہم کے دوران 60 لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں اور اب تک لاکھوں پودے عوام میں مفت تقسیم کئے جاچکے ہیں ۔

اس موقع پر محمد عاطف خان نے بعض افراد کی جانب سے غیر معیاری اور خشک پودوں کی تقسیم کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی انکوائری کی جائے گی اور ذمہ دار عناصر کا کڑا احتساب کیا جائے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ فارسٹ حکام کو ہدایت کی کہ مفت پودوں کی تقسیم منصفانہ بنیادوں پر کی جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کا امتیاز نہ برتا جائے کیونکہ اس مہم کا مقصد کسی خاص گروپ یا علاقے کو نوازنا نہیں بلکہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرنا ہے ،اُنہوں نے کہا کہ مردان رنگ روڈ کا ایک حصہ عرصہ دراز سے خالی ہے اور اس کو کارامد بنانے کے لیے اس پر ہزاروں کی تعداد میں درخت ؛لگائے جائیں گے جس سے نہ صر ف اس روڈ کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ ماحول اور معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بلین ٹری منصوبے کو کامیاب بنانے میں سنجیدہ ہے اور ضرورت پڑنے پر منصوبے کے لیے محکمہ جنگلات کو مزید فنڈز بھی فراہم کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :