زیورِ تعلیم پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے 16اضلاع میں خدمت کارڈز کے اجراء کا فیصلہ

خدمت کارڈز کے اجراء کا مقصد بے وسیلہ گھرانوں کی بچیوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنا ہے، رانا مشہود

جمعہ 10 مارچ 2017 18:32

زیورِ تعلیم پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے 16اضلاع میں خدمت کارڈز کے ..
لاہور۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن 15مارچ سے جنوبی پنجاب کے 16منتخب اضلاع میں ’’زیور تعلیم پروگرام‘‘ کے تحت خدمت کارڈز سکیم لانچ کرے گا۔ اس پروگرام کا مقصد دوردرازعلاقوںکے بے وسیلہ گھرانوں کی بچیوں کی تعلیم تک رسائی آسان بنا کر ان کا معاشی مستقبل محفوظ بنانا ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے ایوانِ اقبال کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں بتائی۔

اجلاس میںایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات شاہد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ عبدالرحمان شاہ، سی ای او ایجوکیشن لاہور طارق رفیق،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر رانا مشہود نے بتایا کہ--’’زیورِ تعلیم پروگرام‘‘ کا آغاز مظفر گڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان،بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، وہاڑی، خانیوال، بھکر، چنیوٹ، جھنگ، لیہ، پاکپتن، اوکاڑہ اور قصور میں کیا جا رہا ہے،ہمارا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوںکی لاکھوں بچیوں کو حصول علم کے قابل بنانا ہے،اس پروگرام کے تحت طالبات کے والدین کو خدمت کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

خدمت کارڈ کے ذریعے طالبہ کے اکا ئونٹ میں ماہانہ 1000روپے ٹرانسفر کیے جائیں گے،محکمہ سکولز ایجوکیشن نے 16اضلاع کے 2977سکولوں کی 4لاکھ 61ہزار سے زائد طالبات کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ ان اضلاع میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم چھٹی تادسویں جماعت کی طالبات اس مفید پروگرام سے مستفید ہوں گی،صوبائی وزیررانا مشہود نے بتایا کہ اس پروگرام کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کریں گے۔

فروغ تعلیم کی غرض سے جاری کیا جانے والا خدمت کارڈ پراجیکٹ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا انقلابی منصوبہ ہے جس کے توسط سے دوردراز علاقوں کے لاکھوں گھرانوں میں علم کا اجالا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہمارا مستقبل ہیںان کی بہترین تعلیم و تربیت اور صحیح خطوط پر آبیاری میں ملک کی ترقی مضمر ہے۔