آئین پاکستان ملکی سالمیت کا ضامن ہے، ریاستی اداروں کو تمام شہریوں کو بلا تفریق برابری کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے‘ رمیش کمار وانکوانی

کرکٹر دانش کنیریا معاملے میں انصاف کے تقاضے یقینی بنانا ہونگے‘ پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ کا تقریب سے خطاب، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 10 مارچ 2017 18:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2017ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے آئین پاکستان کو ملکی سالمیت کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کو مسلم اور غیرمسلم شہریوں کو برابر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔وہ وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جسکا انعقاد انصاف نیٹ ورک نامی غیرسرکاری ادارے نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے آئین کے آرٹیکل 25(1) کا حوالہ دیتے یوئے تمام شہریوں کی بلا تفریق حفاظت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا، ڈاکٹر رمیش نے مزید کہا کہ قائداعظم کا آزاد مملکت بنانے کا مقصد مذہبی تعصب سے بالاتر ہوکر برداشت اور رواداری پر مبنی معاشرے کا قیام یقینی بنانا تھا، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ معاشرے کے چند انتہاپسند عناصر پورے ملک کی عالمی سطع پر بدنامی کی وجہ بن رہے ہیں، اس حوالے سے سندھ اسمبلی کا متفقہ طور پر جبری مذہب تبدیلی کا بل انتہاپسند قوتوں کے دبا پر واپس لیے جانا افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و سماجی اداروں کو ملک میں مذہبی آزادی کے فروغ کیلئے باہمی تعاون تیز کرنا چاہیے، قبل ازیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا کرکٹر دانش کنیریا کے معاملے پر کہنا تھا کہ دانش کنیریا جیسا بہترین کرکٹر پاکستان کا سرمایہ ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اس موقع پر میڈیا کو آگاہ کیا کہ انہوں نے بطور ممبر قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے اسپورٹس چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے بھی متعدد بار معاملے کو احسن طریقے سے سلجھانے کیلئے بات کی ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے دانش کنیریا معاملے میں انصاف کے تقاضے یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی طور یہ تاثر نہیں ملنا چاہیے کہ کرکٹر کو غیرمسلم ہونے کی بنا4 پر مذہبی تعصب کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔