پارلیمنٹ میں پیش آنیوالے واقعہ سے پارلیمان کا تقدس مجروح ہوا ، سپیکر نے معاملے پر الٰہی بخش سومرو کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے جس کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ میں ہوگا، فاٹا سے رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 10 مارچ 2017 16:10

پارلیمنٹ میں پیش آنیوالے واقعہ سے پارلیمان کا تقدس مجروح ہوا ، سپیکر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2017ء) فاٹا سے رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ میں پیش آنیوالے واقعہ سے پارلیمان کا تقدس مجروح ہوا ، سپیکر نے معاملے پر الٰہی بخش سومرو کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے جس کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ میں ہوگا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جماعت اسلامی کے اراکین صاحبزادہ یعقوب اور شیر اکبر خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میاں جاوید لطیف اور مراد سعید کے درمیان ہاتھا پائی پر سپیکر قومی اسمبلی نے الٰہی بخش سومرو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہوگی، دونوں کے موقف کو سن کر جبکہ دونوں سے اس معاملے پر اختیار لیکر فیصلہ کیا جائے گا ،کمیٹی کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا جبکہ پیر کے دن ہی اس معاملے کو حل کرلیا جائے گا تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہو سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں جو ذمہ داری سونپی ہے اس پر ہمیں پورا اترنا چاہئے جذبات اور غصہ میں اس قسم کی بات نکل جاتی ہے تاہم فیصلہ حقائق پرمبنی ہوگا۔