دنیا کے مختلف ممالک میں کئی عشروں سے خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ خواتین کی اپنے حقوق کیلئے کی جانیوالی جدوجہد کو اجاگر کیا جاسکے خواتین نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ،وہ ترقی کے سفر میں مردوں کے شانہ بشانہ بھرپور انداز میں شریک ہیں،سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی

جمعرات 9 مارچ 2017 23:11

کوئٹہ۔09مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2017ء) سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں کئی عشروں سے خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ خواتین کی اپنے حقوق کیلئے کی جانیوالی جدوجہد کو اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور وہ ترقی کے سفر میں مردوں کے شانہ بشانہ بھرپور انداز میں شریک ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کی خواتین بھی فہم و شعور کے نئے مراحل طے کررہی ہیں سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں خواتین اراکین عددی اعتبار سے اکثریت میں نہ ہونے کے باوجود خواتین کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرمی سے اپنا کردار ادا کررہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں اراکین اسمبلی کے علاوہ بیگم ثریا الہٰ دین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ آج یقینا بلوچستان کی خواتین بھی دیگر صوبوں کی خواتین بھی دیگر صوبوں کی خواتین کی طرح اپنی گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ دیگر اہم شعبوں میں بھی خدمات سرانجام دے رہی ہیںلیکن ابھی ان کی منزل بہت دور ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ قبائلی معاشرہ ہونے کی بناء پر ہمارے یہاں کی روایات اور قدریں دیگر صوبوں سے کسی قدر مختلف ہیں لیکن یہاں خواتین کی عزت و احترام میں کوئی کمی نہیں اور انہیں بنیادی اقدار کی وجہ سے ہماری خواتین بھی تعلیم کے حصول کیلئے کوشاں ہیں اور تعلیم ہی وہ ہتھیار ہے جو خواتین کے حقوق کا ضامن ہے سپیکر نے اس موقع پر دنیا بھر کی خواتین کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم خواتین کی اس جدوجہد میں شریک رہتے ہوئے ان کی حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے اس موقع پر سپیکر نے خواتین لیڈر شپ کے ساتھ ساتھ مرد اراکین اسمبلی ، اہلکاران اور صحافی حضرات کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا وہ بھی ہمارے ساتھ اس جدوجہد میں ہم رکاب ہیں انہوں شرکاء کو بتایا کہ بلوچستان اسمبلی میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے 2بل پاس ہوکر قانون کی شکل اختیار کرچکے ہیں اور مزید بلوں کو بھی جلد اسمبلی میں لایا جائے گا اور وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کی خواتین کو بھی ان کے حقوق مل جائیں گے اس موقع پر عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے خواتین کی اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کے حوالے سے دستاویزی بھی پیش کی گئی جس میں گذشتہ 100سالوں کے دوران خواتین کی تاریخی جدوجہد اور اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو دکھایا گیا تھا تقریب سے اراکین صوبائی اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران ، زمرک خان اچکزئی، سپوژمئی اچکزئی ، شاہدہ رؤف ، یاسمین لہڑی ، طاہر محمود کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔