Live Updates

مراد سعید کا جاوید لطیف کو مکا کم تھا ، میں ہوتا تو اس سے آگے نکل جاتا ، عمران خان کی اپنے ایم این اے کو تھپکی

مراد سعید میں غیرت ہے ‘ غیرت مند شخص کو ایسی بات کہی جائے تو ردعمل ایسا ہی آئے گا‘ ذاتیات پر حملے (ن) لیگ کے رہنمائوں کا وطیرہ ہے‘ دعا ہے پانامہ کیس کا فیصلہ جلد ہو ‘اس سے ملک میں نئی تاریخ رقم اور تبدیلی آئی ہے ‘اب کوئی طاقتور کرپشن کر نے سے پہلے 100 بار سوچے گا‘اگر لیڈر صادق اور امین نہ تو ملک کو کیسے کرپشن سے بچائے گا،‘غیر ملکی کھلاڑیوں سے متعلق پھٹیچر کے بیان پر قائم ہوں ‘مقصدکسی کی تذلیل نہیں تھا‘میں پھٹیچر کا لفظ انگلش میں کہتا تو شاید کسی کو برا نہ لگتا،سوئٹزر لینڈ سے معلومات تک رسائی کے معاہدے میں ایک سال لگ جائے گا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعرات 9 مارچ 2017 23:48

مراد سعید کا جاوید لطیف کو مکا کم تھا ، میں ہوتا تو اس سے آگے نکل جاتا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کوتھپکی دیتے ہوئے کہاہے کہ نازیبا الفاظ کہنے پر مراد سعید نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو صرف ’’مکا ‘‘مارا جو کم تھا ‘ شکر کریں میں وہاں نہیں تھا میں ہوتا تو اس سے کہیں آگے بڑھ جاتا ‘مراد سعید میں غیرت ہے ‘ غیرت مند شخص کو ایسی بات کہی جائے تو ردعمل ایسا ہی آئے گا‘ ایسی حرکتیں (ن) لیگ کا وطیرہ ہیں ‘(ن) لیگ کے رہنما سیاست چھوڑ کر ذاتی زندگی پر حملہ آور ہوتے ہیں‘سپریم کورٹ کے باہر بھی ہم پانامہ کیس جبکہ (ن) لیگ ذاتیات پر بات کرتی رہی‘ دعا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ جلد ہو ‘پانامہ کیس سے ملک میں نئی تاریخ رقم ہوئی ‘کیس سے ملک میں تبدیلی آئی ہے ‘اب کوئی طاقتور کرپشن کرتے ہوئے 100 بار سوچے گا‘اگر لیڈر صادق اور امین نہیں تو ملک کو کیسے کرپشن سے بچائے گا،‘غیر ملکی کھلاڑیوں سے متعلق پھٹیچر کے جو الفاظ استعمال کئے وہ کرکٹ میں عام استعمال ہوتے ہیں ‘مطلب کسی کی تذلیل کرنا نہیں تھا‘میں پھٹیچر کا لفظ انگلش میں کہتا تو شاید کسی کو برا نہ لگتا،سوئٹزر لینڈ سے معلومات تک رسائی کے معاہدے میں ایک سال لگ جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے رہنما انتہائی نیچے گر جاتے ہیں کسی سیاستدان کو ایسی غنڈہ گردی کرتے نہیں دیکھا جیسی جاوید لطیف نے کی۔ (ن) لیگ کی طرف سے جمائمہ کیخلاف یہودی لابی کا الزام لگایا گیا۔ خواجہ آصف نے شیریں مزاری کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے ۔ سپریم کورٹ کے باہر بھی ہم پانامہ کیس جبکہ (ن) لیگ ذاتیات پر بات کرتی رہی۔

آج جاوید لطیف جس طرح کی نازیبا زبان استعمال کی شکر کریں کہ مراد سعید تھا اگر میں ہوتا تو بات اس سے کہیں آگے بڑھ جاتی۔ عمران خان نے کہا کہ کسی کی فیملی کے خلاف ایسی زبان استعمال نہیں کی جاتی جیسی (ن) لیگ کے رہنما کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے ماضی میں آصف علی زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کا کہا (ن) لیگ کے رہنما سیاست چھوڑ کر ذاتی زندگی پر حملہ آور ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 21 سال کرکٹ کھیلی ‘ 10 سال کپتان رہا۔ میں نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے متعلق جو الفاظ استعمال کئے وہ کرکٹ میں عام استعمال ہوتے رہتے ہیں ان الفاظ کا مطلب کسی کی تذلیل کرنا نہیں تھا۔ اگر میں پھٹیچر کا لفظ انگلش میں کہتا تو شاید کسی کو برا نہ لگتا ۔ آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانا پاگل پن تھا۔

لاہور میں فائنل کروا کر بہت بڑا سیکیورٹی رسک لیا گیا۔اتنی سیکیورٹی میں میچ کروانے سے دنیا کو کوئی مثبت پیغام نہیں گیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں سے متعلق کوئی غلط بات نہیں کی اپنے بیان پر قائم ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال خراب ہے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ہم نے اپنے جلسے منسوخ کئے۔ اگر پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر خدانخواستہ کچھ ہو جاتا تو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہمیشہ کیلئے دفن ہو جاتی۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی نے انتخابات میں (ن) لیگ کی مدد کی تھی جس کے انعام کے طو رپر نجم سیٹھی کو پی سی بی کا سربراہ بنا دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ دعا ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ جلد ہو پانامہ کیس سے ملک میں نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اس کیس سے ملک میں تبدیلی آئی ہے اب کوئی طاقتور کرپشن کرتے ہوئے 100 بار سوچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر لیڈر صادق اور امین نہیں تو ملک کو کیسے کرپشن سے بچائے گا۔

اسحاق ڈار نے نواز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ حکومت سوئس بنکوں میں پاکستانیوں کے چھپائے گئے پیسے کے حوالے سے قوم کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ حکومت سنجیدہ نہیں ۔ سوئٹزر لینڈ سے معلومات تک رسائی کے معاہدے میں ایک سال لگ جائے گا۔ …(رانا)
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات