مردم شماری ملکی ترقی کے لئے انتہائی نا گزیر ہے‘ گورنر سندھ

جمعرات 9 مارچ 2017 23:35

مردم شماری ملکی ترقی کے لئے انتہائی نا گزیر ہے‘ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ،اقتصادی ترقی کے اہداف اور منصوبہ بندی کے لئے مردم و خانہ شماری انتہائی ناگزیر عمل ہے، آبادی کے درست اعداد و شمار کے بعد حکومت کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات میں بھی بہت مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے وسائل کی تقسیم سے احساس محرومی بھی جنم نہیں لیتا ہے، صوبہ میں درست آبادی کے تخمینہ سے یکساں ترقیاتی عمل سے مسائل کا خاتمہ یقینی ہے ، مردم و خانہ شماری میں پاک فوج کی شمولیت سے شفافیت کا عمل یقینی ہوگا ۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 15 مارچ 2017 ء سے شروع ہونے والی چھٹی مردم شماری میں عملہ کے ساتھ تعاون کریں درست اعداد و شمار سے صوبہ کی تیز رفتار ترقی ممکن ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں مردم و خانہ شماری 2017 ء کی بریفنگ میں کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری محمد صالح احمد فاروقی، مردم شماری صوبائی کمشنر عبد العلیم میمن ، پاک آرمی،نادراسمیت دیگر اداروں کے بھی نمائندے موجود تھے۔

بریفنگ میں گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ پاکستا ن میں مردم و خانہ شماری با الترتیب 1951 ، 1961 ، 1972 ، 1981 ، 1998 میں منعقد کی گئیں امسال 2017 ء میں چھٹی مردم و خانہ شماری ہوگی،جس کا فیصلہ مشترکہ مفادات کی کونسل کے 16 دسمبر 2016ء کو منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، تمام صوبوں میں دو مرحلوں میں خانہ و مردم شماری ہوگی ہر مرحلہ 30 ایام پر مکمل ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ پہلے مرحلہ کے 10 دن بعد شروع ہوگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خانہ و مردم شماری کرنے والی ٹیم کے ہمراہ پاک فوج کے دستہ بھی ہوگا ٹیم گھر گھر جاکر معلومات جمع کرکے ریکارڈ مرتب کرے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک فارم بھرنے کا اوسط دورانیہ 10 سے 15 منٹس لگایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں مردم و خانہ شماری کے لئے عملہ کی تعداد 28149 رکھی ہے یہ عملہ محکمہ تعلیم، بلدیات، ریوینیو اور دیگر محکموں سے لئے گئے ہیں جن کی تربیت بھی مکمل کرلی گئی ہے، صوبہ میں پہلہ مرحلہ میں کراچی ڈویژن، ٖضلع حیدرآباد، ضلع گھوٹکی اور تعلقہ سہون کو رکھا گیا ہے، صوبہ میں 38 ہزار999 بلاکس ترتیب دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیلڈ آپریشن میں تمام بلاکس کو 14 روز میں مکمل کیا جائے گا جن میں 3 میں دن گھروں کی نمبرنگ،10 دن میں فارم 2 اور ایک دن بے گھر آبادی کے لئے رکھا گیا ہے۔ گورنر سندھ نے مردم و خانہ شماری کی تیاریوں پر اپنے اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ اس کے فوائد عوام کوحاصل ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :