جینا مرناعوام کیساتھ ہے ، جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا، شفافیت،اعلیٰ معیار اور رفتار کیساتھ ریکارڈ مدت میں منصوبے مکمل کرنے کے نئے رجحان کی داغ بیل ڈالی ہے، 1320 میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے رواں برس کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع کر دیگا، 3600 میگا واٹ کے گیس پاور منصوبوں میں قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں، ا ن منصوبوں سے صارفین کو سستی بجلی ملے گی، ماضی کی حکومت نے توانائی بحران پر توجہ نہیں دی،ان حکمرانوں کی نا اہلی، کرپشن اور غفلت کی بنا پر ملک اندھیروں میں ڈوبا رہا

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 9 مارچ 2017 22:14

جینا مرناعوام کیساتھ ہے ، جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں رفتار اور معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وہ جمعرات کو مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ ریکارڈ مدت میں منصوبے مکمل کرنے کے نئے رجحان کی داغ بیل ڈالی ہے اور محنت، عزم اور دیانت کے اصولوں کو اپناتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ 1320 میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل کر لیا جائے گا اور رواں برس کے وسط میں اس منصوبے سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوجائے گا۔ اسی طرح 3600 میگا واٹ کے گیس پاور پلانٹ کے منصوبوں میں قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں اور گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے 3600 میگا واٹ کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی۔

رواں برس توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے لوڈ شیڈ نگ کا خاتمہ ہو گا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے مخالف عناصر کے دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں تاخیر ہوئی لیکن موجودہ حکومت نے ضائع شدہ وقت کی تلافی محنت، دیانت اور امانت کے ساتھ کی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ ماضی کی حکومت نے توانائی بحران کے حل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔

ماضی کے حکمرانوں کی نا اہلی، کرپشن اور غفلت کی بنا پر ملک اندھیروں میں ڈوبا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ ترقی وخوشحالی کے دشمنوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے اور جو عناصر عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے تھے وہ سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ افراتفری اور انتشار کی سیاست پہلے بھی ناکام رہی اور آئندہ بھی ناکام رہے گی۔

انہو ںنے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان روشنیوں کے سفر کی جانب رواں دواں ہے۔ عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا مشن ہے ۔ ہمارا جینا مرناعوام کے ساتھ ہے اور جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا اور عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کرتے ہوئے ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی ملک سلطان محمود ہنجرا، بیگم غلام بی بی بھروانہ، محسن شاہنواز رانجھا اور رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد یار ہنجرا شامل تھے۔