ایس ای سی پی کے پروگرام جمع پونجی کے تحت سرمایہ کاری کے اصولوں سے آگہی کیلئے سیمینار کا انعقاد

جمعرات 9 مارچ 2017 20:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2017ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے انویسٹر ایجوکیشن پروگرام جمع پونجی کے تحت ڈویلپمنٹ کے ادارے ایس ڈی پی آئی کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کے اصولوں سے آگہی کیلئے سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں شرکا کو مالیات اور سرمایہ کاری سے متعلق فیصلہ سازی میں سود مند معلومات کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

سیمینار میں شرکا کو سرمایہ کاری کے لئے موجود مواقع جیسے کہ میوچل فنڈز، رضاکارانہ پنشن سکیم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ ایس ای سی پی کے حکام نے شرکا کو سرمایہ کاروں کے حقوق، میوچل فنڈز اور پنشن سکیموں میں سرمایہ کاری کے فوائد، ان سکیموں کے فنڈ مینیجرز اور ٹرسٹی کے فرائض اور ذمہ داریوں کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

اس دوران میوچل فنڈز اور پنشن فنڈز میں سرمایہ کاری کی مدت کے دوران سرمائے کو نکالنے کی شرائط، سرمائے کو ایک فنڈ سے دوسرے میں منتقل کرنے اور سرمایہ کاری سے جڑے رسک پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس کے علاوہ ، فنڈز میں سرمایہ کاری کی فیس کے سٹرکچر اور فنڈ منیجرز کی جانب سے وقفہ وقفہ سے جاری ہونے والی اکائونٹ اسٹیٹمنٹ کے ذریعے فنڈ کی نیٹ ایسٹ ویلیو کو جانچنے کے طریقہ کار اور فنڈ منیجرز کی جانب سے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے فراہم کی جانے والی معلومات کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ایس ای سی پی کے حکام نے شرکا کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دئے اور انہیں میوچل فنڈ اور پنشن فنڈز کے ریگولیٹر ی فریم ورک اور قوائد و ضوابط پر بھی بریفنگ دی۔

ایس ای سی پی کی جانب سے مالیاتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے متعارف کروائی جانے والی پراڈکٹس اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سیمینار کے شرکا کو رضاکارنہ پنشن فنڈز اور حکومت کی جانب سے دئے جانے والے روایتی پنشن فنڈز اور شریعہ کمپلائنٹ فنڈ اور دیگر روایتی فنڈز کے مابین فرق کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ سیمینار میں ایس ڈٰ پی آئی کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، سنئیر ریسرچ فیلو اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے میوچل فنڈز اور رضا کارانہ پنشن فنڈز میں دلچسپی کا اظہار کیا اور اس حوالے سے کئی تجاویز بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :