بلوچستان میں فیصلے صادر کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ عوام کو اعتماد میں لیا جائے ،مولانا محمد یعقو ب ساسولی

مردم شماری میں افغان مہاجرین کو شامل کیا جاتا ہے تو یہ بلوچوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مترادف ہوگا،سابق امیر جے یو آئی لسبیلہ

جمعرات 9 مارچ 2017 20:21

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2017ء) جمعیت علمائے اسلام ضلع لسبیلہ کے سابق امیر مولانا محمد یعقو ب ساسولی نے کہاہے کہ بلوچستان میں فیصلے صادر کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ عوام کو اعتماد میں لیا جائے تاہم یہاں عوام کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلے صادر کئے جاتے ہیں مردم شماری ایک لازمی امر ہے لیکن اس میں یہ کہاں کا انصاف ہے کہ افغان مہاجرین کو شامل کرکے مقامی باشندوں کو اقلیت میں تبدیل کردیاجائے ۔

مردم شماری میں اگر افغان مہاجرین کو شامل کیا جاتا ہے تو یہ استحصال کا ایک نیا طریقہ کار ہوگاجوکہ بلوچ کو اقلیت میں تبدیل کرنا اور اسے مذید استحصالیت کی طرف دھکیل دینے کے مترادف ہوگا۔ مردم شماری میں یہاں کے عوام کے خدشات اور مطالبات کو تسلیم نہ کرنے کی وجہ بھی یہی ہے کہ مستقبل میں ہلمند اور قندھا ر کے باشندوں کو ہم پر مسلط کیا جانا ہے ۔

(جاری ہے)

اور یہ طریقہ کاربلوچستان کی عوام کو کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوںنے خضدار پریس کلب میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل خضدار پریس کلب کے نومنتخب صدر عبداللہ شاہوانی و پوری کابینہ کو مبارک باد پیش کی ۔اس موقع پر خضدا رپریس کلب کے نائب صدر میر علی شیرناز براہوئی جونیئر نائب صدر منیراحمد زہری ندیم گرگناڑی محمد خان ساسولی امام الدین جاموٹ ودیگر بھی موجود تھے۔

جے یوآئی کے رہنماء مولانا محمد یعقوب ساسولی نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال ماضی کی بنسبت کافی بہتر ہے تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ امن وامان کے قیام میں مذید بہتر ی لائی جائے ۔سی پیک کی باتیں بہت کی جارہی ہیں تاہم اس کا عملی نمونہ ابھی تک نظر نہیں آرہاہے ملک میں بے روزگاری غربت اور بدحالی اپنے عروج پر ہے ملک کی معیشت کو سہارا دینے اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے سی پیک کوکامیاب بنانے میں ہماری حکومت کو سنجیدہ گی کا مظاہرہ کرنا ہوگی ۔

ماضی کی طرح روایتی بیانات اور بلند و بانگ دعوئوں کی ذریعے قوم کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ جے یوآئی کے رہنماء مولانا محمد یعقوب ساسولی نے کہاکہ جے یوآئی بلوچستان میں ایک موثر سیاسی قوت ہے اور اگلے الیکشن کے لئے جمعیت علمائے اسلام نے تیاریاں شروع کردی ہیں ہمارے کارکن نظریاتی ہیں پورے صوبے میں جے یوآئی ایک واضح اکثریت حاصل کرکے پارلیمنٹ میں آئیگی ۔

انہوںنے کہاکہ اگلے ماہ اپریل میں جمعیت علمائے اسلام اپنی سوسالہ یوم تاسیس منارہی ہے تین روزہ اجتماع پشاور میں منعقد ہورہاہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں قافلے شرکت کریں گے اور پوری دنیاء سے مندوبین اس اجتماع میں شریک ہونگے اور یہ ملکی تاریخ کا بڑا اجتماع ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ صحافت ایک پاکیزہ شعبہ ہے خضدار کے صحافیوں کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ انہوںنے مشکل اور کٹھن حالات میں عوام کی ترجمانی کی اور آج بھی یہ فریضہ وہ سرانجام دے رہے ہیں میں نئی منتخب کابینہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ ایک نئے زاویہ سے غیر جانبدارانہ انداز میں عوام کی ترجمانی کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :