پاک امریکا تعلقات روایات سے کہیں آگے ہیں‘ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،ْ مشن ڈائریکٹر یو ایس ایڈ

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں حالیہ اضافہ خوش آئند ہے ،ْ جان گرورک کی میڈیا سے گفتگو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو پاکستان کی معاشی نمو اور طویل مدتی استحکام میں کلیدی حیثیت حاصل ہے ،ْ عامر خان

جمعرات 9 مارچ 2017 19:14

پاک امریکا تعلقات روایات سے کہیں آگے ہیں‘ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2017ء) پاکستان میں یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات روایات سے کہیں آگے ہیں‘ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ‘ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں حالیہ اضافہ خوش آئند ہے‘ یو ایس ایڈ کے پروگرام پاکستان پرائیویٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو (پی پی آئی آئی) کے تحت قائم کردہ 3 نجی ایکویٹی فنڈز سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو فنانسنگ کی مد میں 15 ارب50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم دستیاب ہوگی۔

جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ دیتے ہوئے جان گرورک نے کہا کہ پی پی آئی آئی ابراج پاکستان فنڈ‘ پاکستان کیٹالسٹ فنڈ اور بولترو گروتھ فنڈ پر مشتمل ہے اور پیشہ ورانہ انداز میں چلائے جانے والے یہ تینوں سرمایہ کاری فنڈز پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ایکویٹی سرمایہ فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ پروگرام نے ہر فنڈ کے لئے 2ارب 49 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں جو مجموعی طور پر 7ارب 50کروڑ روپے بنتی ہے جبکہ تینوں فنڈز میں سے ہر ایک نے یو ایس ایڈ کی فراہم کردہ رقم کے مساوی یا اس سے زیادہ حصہ ڈالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی آئی آئی ڈیزائن چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے کی معاونت کے لئے مقامی سرمایہ کاری فنڈز کے ساتھ اپنی نوعیت کی ایک منفرد شراکت ہے، تینوں شراکتی سرمایہ کاری کمپنیوں کے مہیا کردہ فنڈز کے ساتھ ایکوٹی فنانسنگ کی مد میں 15 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد رقم دستیاب ہوگی جس سے معاشی نمو میں تیزی آئے گی اور یہ سرمایہ کاروں کے لئے منافع بخش ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات سے نجی ایکویٹی کمپنیوں کی پاکستان میں دلچسپی اور یہاں سرمایہ کاری کی قدر کا اندازہ ہوتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر خان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک جدید طریقہ وضع کرنے پر یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو پاکستان کی معاشی نمو اور طویل مدتی استحکام میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

پاکستان کیٹالسٹ فنڈ کے سی ای او اسد شفقت نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کا کاروباری شعبہ پاکستان میں مجموعی ملکی پیداوار میں اضافے اور روزگار کی فراہمی کے لئے ایک بہترین انجن کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ بالترو فنڈ کے سی ای او علی سہگل نے کہا کہ پی پی آئی آئی نے کامیابی کے ساتھ یو ایس ایڈ کے ترقیاتی مقاصد اور نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کے مفادات کا امتزاج پیدا کیا ہے‘جس سے آنے والی دہائیوں کے لئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے کی معاونت کے لئے ایک پائیدار پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام مستقبل کی سرکاری اور نجی شعبے کی شراکتوں کے لئے ایک مثال ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :