عبدالطیف بھٹائی اورلعل شہبازقلندرکی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے،نوازشریف

سندھ کی تعمیرنوکرینگے،وزیراعظم کاسجاول،ٹھٹھہ اورٹنڈومحمدخان کیلئےہیلتھ کارڈجبکہ ٹھٹھہ کیلئے 500بسترزپرمشتمل ہسپتال بنانےاورٹھٹھہ،سجاول کیلئےگیس فراہم کرنےکااعلان،سندھ کےشہروں کوپنجاب سےبھی بہتربنائیں گے،سندھ کوبجلی،پانی اورموٹرویزدیںگے۔وزیراعظم نوازشریف کاٹھٹھہ میں خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 9 مارچ 2017 16:14

عبدالطیف بھٹائی اورلعل شہبازقلندرکی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے،نوازشریف
ٹھٹھہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09مارچ2017ء) :وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ ہم سندھ کی تعمیرنوکرینگے، عبدالطیف بھٹائی اور لعل شہبازقلندرکی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے،سندھ کے شہروں کوپنجاب سے بھی بہتربنائیں گے،یہ مشکل کام ہے لیکن عوام میرے ساتھ ہیں تویہ مشکل کام نہیں ہے،سندھ کوبجلی،پانی اور موٹرویزدیں گے۔انہوں نے آج ٹھٹھہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن مسائل کا یہاں ذکر کیا گیا وہ صوبہ کی دسترس میں ہیں اور صوبائی حکومت کو انہیں حل کرنا چاہیے تھا لیکن یہ حل نہیں ہو سکے اس لئے وفاقی حکومت یہ تمام مسائل حل کرے گی، الله نے مجھے وزیراعظم بنایا ہے اس لئے یہ مسائل حل کرکے دکھاؤں گا، ہم سندھ کی تعمیرنو کریں گے، عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں گے، سندھ کے دیہات، گوٹھوں اور قصبوں کو نیا ولولہ دیں گے، سندھ کے کونے کونے میں تازہ ہوائیں چلیں گی، بجلی، گیس، پانی، صحت کی سہولیات کے علاوہ یہاں موٹرویز بھی بنیں گی، ہم نے سندھ کی محرومیاں دور کرنے کا عزم کر رکھا ہے، سندھ کے گاؤں اور دیہات کو پنجاب کے شہروں جیسا بنائیں گے، شاہ عبدالطیف بھٹائی اور لعل شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مستحق عوام کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کیلئے پنجاب، بلوچستان، آزاد کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان میں ہیلتھ کارڈز کی سکیم شروع کی جا چکی ہے جبکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں نے کہا تھا کہ وہ یہ کام خود کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہاں ایسے لوگ بھی ہیں جن کی تمام جمع پونجی خرچ ہونے کے باوجود بھی علاج نہیں ہو پاتا، اس لئے ہم نے مفت علاج معالجہ کی سہولت کیلئے ہیلتھ کارڈز کا پروگرام شروع کیا، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں بھی لوگوں کو ہیلتھ کارڈز جاری کئے جائیں گے اور یہاں کے لوگوں کو صحت کارڈز جاری کرنے کیلئے میں خود آؤں گا، صحت کارڈز کے حامل افراد کو سرکاری اور پرائیویٹ دونوں طرح کے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی مفت سہولیات میسر ہوں گی جس سے خالق اور مخلوق دونوں راضی ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ٹھٹھہ میں 500 بستر کا ہسپتال قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ یہ ایک بڑا ہسپتال ہو گا جس سے لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے علاقہ کے مختلف دیہات میں بجلی کی فراہمی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ جہاں جہاں بجلی کی ضرورت ہو گی، فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں بجلی کی صورتحال بہت خراب تھی تاہم اب حالات بہت بہتر ہیں، لوگوں کو اس سہولت سے استفادہ کرنے کیلئے بجلی کے بل ضرور ادا کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے وزیر اور سیکرٹری کو جلد یہاں بھیجا جائے گا جو یہاں بیٹھ کر اس مسئلہ کو حل کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں، یہاں آنے سے قبل تمام تیاری مکمل کی گئی ہے اور منصوبوں پر کام اور فنڈز سے متعلق احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، سجاول اور ٹھٹھہ کو گیس کی فراہمی کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں، اس منصوبہ پر 110 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ آپ پر احسان نہیں بلکہ آپ لوگوں کا حق اور بطور وزیراعظم میرا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبی کٹاؤ کی وجہ سے یہاں کی قیمتی زرعی زمین سمندر کی نذر ہو رہی ہے، یہ بھی صوبائی حکومت کا معاملہ ہے تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ اس کو فوری طور پر حل ہونا چاہئے اس لئے ہم نے ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں حفاظتی بند تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جس سے یہاں کی سنہری زمینوں کو سمندری کٹاؤ سے محفوظ بنایا جائے گا اور اس کا فائدہ پورے علاقے کو پہنچے گا، اس منصوبہ کی فزیبلٹی سٹڈی تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جس کی روشنی میں کام شروع کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گھارو کیٹی بندر منصوبہ کے حوالہ سے این ایچ اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس سلسلہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے کام شروع کر دیا جائے، اس منصوبہ کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی ہدایات کر دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ علاقہ میں 50 کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کیلئے بھی رقم فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں اضلاع میں گلی محلوں میں نکاسی، گلیوں کی پختگی اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے 20، 20 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے حیدرآباد 6 رویہ موٹروے تقریباً تیار ہو چکی ہے، اسی طرح حیدرآباد سے سکھر، سکھر سے ملتان اور ملتان سے آگے سڑک زیر تعمیر ہے جس کی تکمیل سے سب کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں صحت، بجلی، گیس اور پانی کی سہولیات کی فراہمی کے بعد یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈز کیلئے سروے کے انعقاد میں تین، چار ماہ کا عرصہ لگ جائے گا جس کے بعد وہ خود یہاں آ کر صحت کارڈز تقسیم کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہاں کے لوگ آئندہ بھی اسی جوش و خروش اور پیار و محبت کے ساتھ ملیں گے۔ اس موقع پر شیرازی برادران سیّد اعجاز شاہ شیرازی اور سیّد شفقت شاہ شیرازی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور علاقہ کے عوام کی طرف سے بجلی،گیس، صحت، پانی اور سڑکوں کی تعمیر سمیت مختلف مطالبات پیش کئے۔ انہوں نے وزیراعظم کا علاقہ میں آمد پر خرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی نظریں وزیراعظم نواز شریف پر لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ اور سجاول کے اضلاع کو طویل عرصہ سے نظر انداز کیا گیا ہے تاہم اب ان کے مسائل حل ہونے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملکی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔