بھارت کنٹرول لائن پر امریکی ساختہ مسلح ڈرون طیارے تعینات کرے گا

ڈرون طیاروں کا ڈیٹا سینٹر سرینگر میں قائم کیا گیا ہے جہاں سے نگرانی اور موصول ہونیوالے اعدو شمار کی پروسیسنگ کی جائیگی

جمعرات 9 مارچ 2017 12:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2017ء) بھارت مقبوضہ کشمیرمیں پونچھ اور راجوری کے اضلاع میںکنٹرول لائن پر فضائی نگرانی خاص طور پرجاری جدوجہد آزای سے وابستہ لوگوںکی نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے امریکی ساختہ ڈرون طیارے تعینات کررہا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہاگیاہے کہ ان ڈرون طیاروں کا ڈیٹا سینٹر سرینگر میں قائم کیاگیا ہے جہاں سے نگرانی اور موصول ہونیوالے اعدو شمار کی پروسیسنگ کی جائیگی اور فوجیوںکی تعیناتی کیلئے ان کا تبادلہ کیاجائیگا ۔

بھارت کے اسرائیلی ساختہ ڈرون طیارے صرف نگرانی کیلئے ہی استعمال کئے جاسکتے تھے تاہم بھارت مسلح ڈرون کے حصول کے ذریعے کنٹرول لائن کے پار علاقوں میں حملے کی صلاحیت بھی حاصل کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال جولائی میں پاکستانی فوج نے آزادکشمیر کے علاقے میں بھارت کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تھا۔یہ ڈرون فضاسے تصاویر لینے کیلئے استعمال کیاجاتاتھا۔

امریکی ساختہ ڈرون طیارے فضا میں 18گھنٹے تک پرواز کرنے کے علاوہ 35سو پائونڈ وزنی گولہ بارود لے کر 50ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کرسکتا ہے ۔ بھارت نے گزشتہ سال جون میں امریکہ سے 22گارڈین ڈرون کی فروخت کی درخواست کی تھی ۔یاد رہے کہ امریکہ نے بھارت کو جدید فوجی ٹیکنالوجی تک رسائی دے رکھی ہے اوراسے میزائل ٹیکنالوجی ریجیم کی رکنیت دینے کی طرفداری کی ہے جس سے امریکی ڈرون طیاروں کی فروخت کی راہ ہموار ہو گئی ہے ۔