سائنسدانوں نے بغیر انڈے اور سپرم کے مصنوعی جنین(ایمبریو)تیار کر لیا

بدھ 8 مارچ 2017 23:47

سائنسدانوں نے بغیر انڈے اور سپرم کے مصنوعی جنین(ایمبریو)تیار کر لیا

سائنسدانوں نے سٹیم سیلز کے استعمال سے پہلی بار مصنوعی جنین (ایمبریو) تیار کیا ہے۔مصنوعی چوہے کے جنین کے حوالےسے تفصیلی رپورٹ اس ماہ کے سائنس جرنل میں شائع ہوئی ہے ۔ اس مصنوعی جنین کی تیاری سنتھیٹک جنین بنانے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس سے بانچھ پن کے علاج میں بھی کافی مدد ملے گی۔
کیمبرج بائیولوجسٹ مگڈالینا زرنیکا گوئٹز اور اس کی ٹیم نے بغیر انڈے اور سپرم کے صرف سٹیم سیلز کی مدد سے اس جنین کو تیار کیا ہے۔


سائنسدان اس سے پہلے ڈولی نامی ایک بھیڑ کا کلون تیار کر چکے ہیں۔ اس کلون کی تیاری میں انہوں نے سپرم استعمال نہیں کیے بلکہ صرف انڈوں کے خلیوں سے بالغ ڈی این اے کا کلون تیار کیا تھا۔
کیمبرج کی ٹیم نے چوہے کا مصنوعی جنین تیار کرنے کے لیے ایمبریونک سٹیم سیلز لیے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد انہوں نے اسے ٹرفوبلاسٹ(trophoblast) سٹیم سیلز(ایسے سیلز جو placenta بنا سکتے ہیں) کے ساتھ الگ سے بڑھنے کا موقع دیا۔

ان دو اقسام کے سیلز کو الگ سے بڑھنے دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے ان دونوں سیلز کو ایک محلول میں اکھٹا کر دیا۔اس کے بعد دونوں اقسام کے سیلز مکس ہو گئے اور انہوں نے ایک ساتھ بڑھنا شروع کر دیا۔ چار دن کے بعد جنین بالکل چوہوں کے جنین کےمشابہ ہوگیا۔
اس تجربے سے سائنسدانوں کا مقصد اصل چوہے بنانا نہیں ہے۔ اصل چوہے بنانے کےلیے ، جنین کے ساتھ اور بہت سے سیلز شامل کرنے ہونگے۔